’دہشت گرد کے دل میں نفرت ہے، اس پر ترس آتا ہے‘
20 مارچ 2019نعیم رشید کی اہلیہ عنبرین نعیم نے ایک بین الاقوامی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے شوہر اور اپنے بیٹے طٰحہ نعیم پر ’فخر ہے جنہوں نے اپنی جان کی قربانی دیتے ہوئے کئی لوگوں کی زندگیوں کو بچا لیا‘۔ انہوں نے اپنےانٹرویو میں کہا، ’’میرے شوہر بہت اچھے انسان تھے۔ ہماری شادی 1996ء میں ہوئی تھی۔ ہمارے بیٹے کی پیدائش زندگی کا سب سے زیادہ خوشی والا دن تھا۔ میرے شوہر بہادر اور پیار کرنے والے تھے۔ صرف پیار ہی آپ کو دوسرے لوگوں کی زندگی بچانے کا کام کرا سکتا ہے۔‘‘
نیوزی لینڈ کی مسجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ نعیم رشید نے حملہ آوار کو روکنے کی کوشش کی اور اس کوشش کے دوران حملہ آور نے انہیں فائرنگ سے ہلاک کر دیا۔ نعیم رشید کی اہلیہ نے ان کے شوہر اور بیٹے کو ہلاک کرنے والے دہشت گرد کے بارے میں کہا، ’’اس کے دل میں نفرت ہے۔ وہ شخص وہ امن اور تسلی محسوس نہیں کر سکتا جو ہم محسوس کرسکتے ہیں۔ مجھے اس پر ترس آتا ہے۔‘‘ عنبرین نعیم نے مزید کہا کہ ’اسلام پر امن مذہب ہے‘ اور وہ اس واقعے سے ’مزید مضبوط‘ ہو گئی ہیں اور وہ واپس مسجد جائیں گی۔
پاکسانی وزیر اعظم عمران خان نے نعیم رشید کی اہلیہ کے اس انٹرویو کو ٹویٹ بھی کیا۔