دنیا کے پانچ انوکھے عالمی مقابلے
کرکٹ اور فٹ بال جیسے کھیلوں کی ورلڈ چیمپئن شپ تو سمجھ میں آتی ہے لیکن کچھ ایسے بھی کھیل ہیں، جن کے بارے میں شاید آدمی تصور بھی نہیں کر سکتا کہ ان کے بھی عالمی مقابلے ہوں گے۔ ایک نظر ایسے پانچ عجیب و غریب مقابلوں پر۔
اونچی ایڑی کے ساتھ ریس
اس کا آغاز ہوا کوئی تیس سال پہلے 1986ء میں امریکی شہر واشنگٹن سے اور مزے کی بات یہ ہے کہ تب اس میں خواتین نہیں مرد حصہ لیا کرتے تھے۔ آج بھی اس مقابلے کا نام ’دی ہائی ہیل ڈریگ کوئین ریس‘ ہے۔ ڈریگ ملکہ یعنی عورت کے لباس میں مرد تاہم اب اس طرح کے مقابلے دنیا بھر میں منعقد ہونے لگے ہیں اور اب خواتین بھی ان میں حصہ لیتی ہیں۔
فرضی گٹار بجانے کا مقابلہ
اسے دنیا کا سب سے ہلکے وزن کا آلہٴ موسیقی بھی کہاجاتا ہے، اتنا ہلکا کہ دراصل اس کا کوئی وجود ہی نہیں ہوتا۔ اس مقابلے میں حصہ لینے والوں کو کسی راک سٹار کی طرح اسٹیج پر آنا ہوتا ہے اور اس طرح سے ہاتھ چلانا ہوتا ہے گویا وہ واقعی گٹار بجا رہے ہوں۔ کسی زمانے میں اسے بے وقوفی اور پاگل پن سمجھا جاتا تھا لیکن اب فن لینڈ میں ہر سال اس کا باقاعدہ ایک عالمی مقابلہ منعقد ہوتا ہے۔
پنیر کے پہیے کے پیچھے پیچھے
اس کھیل میں پنیر کے ایک بڑے گول پیڑے کو بلند پہاڑی سے نیچے پھینکا جاتا ہے۔ لوگ تقریباً 40 کلوگرام وزنی پہیے جیسے اس پیڑے کو پکڑنے کے لیے اس کے پیچھے پیچھے پہاڑی سے نیچے پھسلتے ہیں۔ پنیر کے پیڑے کو پکڑنا تو کسی کے بس میں نہیں ہوتا لیکن جو بھی سب سے پہلے نیچے پہنچتا ہے، وہ فاتح کہلاتا ہے۔ ایسے مقابلوں میں لوگ زخمی بھی ہوتے ہیں، ہڈیاں بھی ٹوٹتی ہیں لیکن لوگ جوش و خروش کے ساتھ اس میں حصہ لیتے ہیں۔
ہرن کی آواز
شکاری کسی زمانے میں ہرن کو پکڑنے کے لیے ہرن کی آواز نکالا کرتے تھے۔ آج ایسا تفریحاً کیا جاتا ہے۔ جرمن شہر ڈورٹمنڈ میں شکار سے متعلق سالانہ میلے میں ہونے والے اس سالانہ مقابلے میں حصہ لینے کے لیے لوگ دنیا بھر سے آتے ہیں۔ تب ہرن کی آواز نکالنے کے لیے کوئی پلاسٹک کا پائپ استعمال کرتا ہے تو کوئی سنکھ یا بیل کے سینگوں سے ایسی آواز نکالتا ہے۔
کپڑے استری کرنا لیکن کہاں؟
یہ مقابلہ ہوتا ہے کپڑے استری کرنے کا لیکن اپنے کمرے میں نہیں بلکہ کبھی سطحِ آب کے نیچے، کبھی کسی جنگل میں، کبھی کسی پہاڑ کی چوٹی پر تو کبھی ہوا میں اسکائی ڈائیونگ کرتے ہوئے۔ اس عجیب کھیل کا آغاز انگلینڈ سے ہوا۔ انتہائی خطرناک کھیلوں کے شوقین ٹیم بنا کر اس کھیل کو کھیلتے ہیں اور کبھی سائیکل چلاتے ہوئے کپڑے استری کرتے ہیں تو کبھی کسی چٹان سے لٹک کر۔