خود کو اپنے آپ صاف کرنے والا جدید ترین ٹائلٹ
9 جنوری 2016لاس ویگاس سے نیوز ایجنسی اے ایف پی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس شو میں جاپانی کمپنی ٹوٹو کے اسٹال پر یہ جدید ٹائلٹ فرش پر رکھے دیکھے جا سکتے ہیں۔ چونکہ اس شو میں یہ ٹائلٹ ناقابلِ استعمال حالت میں ہیں، اس لیے اس جاپانی کمپنی کی طرف سے وضاحت اور تفصیل کے ساتھ بتایا جاتا ہے کہ اس ٹائلٹ کا جدید ترین اور ’ذہین‘ واشنگ سسٹم کام کیسے کرتا ہے۔
اس اسٹال پر موجود ٹوٹو کمپنی کی خاتون ترجمان لینورا کامپوس نے بتایا:’’آپ جیسے ہی اس ٹائلٹ کے قریب جائیں گے، اِس کا ڈھکنا خود بخود کھل جائے گا اور جیسے ہی آپ فارغ ہو کر نکلیں گے، نہ صرف یہ ڈھکنا خود بخود بند بھی ہو جائے گا بلکہ خود کار طریقے سے فلش بھی چل پڑے گا۔‘‘
ترجمان کے مطابق اس ٹائلٹ کے ہوتے ہوئے آپ کو ٹائلٹ پیپر کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی:’’یہ ٹائلٹ نیم گرم پانی اور ہوا چھوڑتے ہیں، جو آپ کی صفائی بھی کرتے ہیں اور پھر خشک بھی کرتے ہیں۔‘‘
اس اسٹال پر بتایا جا رہا ہے کہ استعمال کے بعد یہ ٹائلٹ خود کو بھی برق پاش پانی کے ساتھ نہ صرف صاف کرتا ہے بلکہ ہر طرح کے جراثیموں سے پاک بھی کر دیتا ہے۔ چونکہ اس ٹائلٹ پر ٹائی ٹینیم ڈائی آکسائیڈ اور زرقونیم کی تہ چڑھی ہوتی ہے، اس لیے کوئی بھی چیز اس ٹائلٹ کی سطح سےچِپکی نہیں رہتی۔
اس جاپانی کمپنی کا کہنا ہے کہ ایک سال کے عرصے تک اس ٹائلٹ کو بغیر کسی بھی طرح صاف کیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح ماحول کے لیے ضرر رساں اُن مادوں کے استعمال سے بھی نجات ملے گی، جو آج کل عام ٹائلٹس کو صاف کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
جاپانی شہریوں کے لیے یا اکثر جاپان کا سفر کرنے والوں کے لیے اس طرح کے ٹائلٹ کوئی نئی بات نہیں ہیں کیونکہ تقریباً ستّر فیصد جاپانی گھروں میں اسی طرح کے ٹائلٹ استعمال کیے جاتے ہیں لیکن اب رفتہ رفتہ دنیا کے باقی ممالک میں بھی ان کا رواج بڑھتا جا رہا ہے۔
اس نئے ٹائلٹ میں ایک ہی قباحت ہے کہ یہ ہیں بہت مہنگے۔ عام ماڈل کی قیمت دَس ہزار ڈالر ہے جبکہ جدید ترین ماڈل کی قیمت اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔ اس کا جدید ترین ماڈل اس سال سے یورپ میں متعارف کرویا جا رہا ہے جبکہ 2017ء سے یہ امریکا میں بھی دستیاب ہو گا۔