1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خواتین کے ساتھ ہونے والا تشدد، انقرہ حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی

28 اپریل 2011

حقوق نسواں کے لیے سرگرم عناصر کا کہنا ہے کہ یورپی یونین میں رُکنیت حاصل کرنے کے خواہاں ملک ترکی میں خواتین کے ساتھ ہونے والا گھریلو تشدد خطرناک سطح تک پہنچ چُکا ہے۔

https://p.dw.com/p/115Cc
جرمن شہر ہیمبرگ میں غیرت کے نام پر قتل کے خلاف عدالت کے باہر احتجاج کرنے والی خواتینتصویر: picture-alliance/ dpa

اس سلسلے میں ترکی کے انصاف کے اداروں اور اسلام پسند حکمران پارٹی AKP کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کی پامالی پر توجہ مرکوز کرنے والی ایک نیوز سائٹ BIAnet کے مطابق سال رواں فروری اور مارچ کے مہینے میں 52 خواتین اپنے شوہروں کی زیادتیوں کا نشانہ بن کر جاں بحق ہوئیں، جبکہ گزشتہ برس ایسی خواتین کی تعداد 217 بتائی جاتی ہے۔ ان میں سے 27 فیصد خواتین ایسی تھیں جنہیں اُن کے شوہروں نے اس لیے ہلاک کر دیا کہ وہ طلاق لینا چاہتی تھیں۔

2002 ء سے 2009 ء کے درمیان قتل کے ایسے کیسز جن میں خواتین جنہیں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہلاک کیا گیا کی تعداد میں 14 گنا اضافہ ہوا۔ یہ اعداد و شمار وزارت انصاف کی طرف سے سامنے آئے ہیں تاہم ان کیسز کے رونما ہونے والے حالات اور ان جرائم کے مرتکب انسانوں کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

Deutschland Grabstelle der Türkin Hatun Sürücü
مغربی طرز زندگی اپنانے پر 2005 ء میں جرمنی میں چھوٹے بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی ترک خاتون کو برلن کے ایک قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔تصویر: picture-alliance/ dpa

حُلیہ گُلبہار حقوق نسواں کی ایک چوٹی کی سرگرم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ترکی میں عورتوں کے ساتھ ہونے والے گھریلو تشدد کی صورتحال ’جنس کُشی‘ کی شکل اختیار کر چُکی ہے۔ گلبہار کا کہنا ہے کہ ترکی کے پدر سری معاشرے میں خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے کی روایت قدیم ہے۔ یہاں ایک عرصے سے غیرت کے نام پر قتل کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ ان مسائل میں اضافہ موجودہ قدامت پسند پارٹی AKP کی طرف سے فرسودہ اقدار کو فروغ دینے کی کوششیوں کے سبب ہو رہا ہے۔ حقوق نسواں کے لیے سرگرم حُلیہ گُلبہار کا ماننا ہے کہ ترک حکومت میں معاشرے میں پائے جانے والے عورتوں کے ساتھ تشدد کے رواج کو ختم کرنے کی خواہش ہی نہیں پائی جاتی، نہ ہی وہ ان مسائل کے خاتمے میں سنجیدہ ہے۔

Deutschland Prozess München Urteil nach Ehrenmord an Ex-Ehefrau
2007 ء میں جرمن شہر میونخ کی ایک عدالت نے سابقہ بیوی کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے ایک عراقی کو عمر قید کی سزا سُنائی تھیتصویر: picture-alliance/ dpa

گُلبہار نے اس اہم مسئلے کی ایک بڑی وجہ معاشرے کے چند حلقوں کا وہ پروپیگنڈا قرار دیا ہے جس میں مردوں اور عورتوں کو تخلیقی طور پر برابر نہیں سمجھا جاتا ہے۔

ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوان نے ایک بار کہا تھا کہ حقوق نسواں کے لیے سرگرم خواتین کی حیثیت حاشیائی ہے۔ اردوان کو گزشتہ سال بہت زیادہ تنقید کا سامنا اُس وقت کرنا پڑا تھا جب انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا ’ مرد اور عورت برابر نہیں ہو سکتے، لیکن یہ ایک دوسرے کے لیے تکمیلی حیثیت رکھتے ہیں‘۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں