1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جی سیون سربراہی اجلاس ختم ہو گیا

عابد حسین8 جون 2015

جرمن مقام ایلماؤ پیلس میں پیر کا دن سات اہم ترقی یافتہ اور صنعتی ملکوں کی سمٹ کا دوسرا اور آخری دن تھا۔ آج عراق کے علاوہ افریقی اقوام کے رہنما اور مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان بھی سمٹ میں شریک ہوئے۔

https://p.dw.com/p/1Fdh4
جرمن چانسلر میرکل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےتصویر: Reuters/M. Rehle

جی سیون سمٹ آج جنوبی جرمنی کے مقام  ایلماؤ پیلس میں ختم ہو گئی۔ لیڈران نے مشترکہ اعلامیے پر اتفاق کیا۔ کانفرنس کے بعد جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے ایک پریس کانفرنس میں مشترکہ اعلامیے کے خاص خاص نکات بیان کیے۔ جی سیون سمٹ میں لیڈران نے اِس  پہلو پر اتفاق کیا کہ یوکرائنی بحران کے تناظر میں روس پر جو پابندیاں عائد کی جا چکی ہے، وہ جائز ہیں اور یہ اُس وقت نافذ العمل رہنی چاہییں جب تک مِنسک جنگ بندی معاہدے کی تمام شقوں پر عمل نہیں کیا جاتا۔ جرمن چانسلر کے مطابق پابندیوں کو صورت حال کے خراب ہونے کی صورت میں مزید سخت کر دیا جائے گا۔

آج کے اجلاس میں عراق کے علاوہ افریقی اقوام کے رہنما بھی شریک ہوئے۔ اِن لیڈروں کی آمد کا مقصد انسداد دہشت گردی، اقتصادی ترقی اور معاشرتی ترقی میں خواتین کے کردار پر گفتگو  تھی۔ لیڈران نے گلوبل وارمنگ پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سبز مکانی گیسوں میں بڑی کمی وقت کی ضرورت ہے۔ چانسلر میرکل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جی سیون کے لیڈران نے کلائمیٹ چینج کے حوالے سے ایک سو بلین ڈالر مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جرمن چانسلر کے مطابق جی سیون نے گلوبل وارمنگ کے تناظر میں عالمی درجہٴ حرارت میں دو ڈگری کی کمی کو اہم قرار دیا ہے۔

G7 Gipfel Schloss Elmau Outreach Konferenz Gruppenfoto
جی سیون سمٹ کے بعد شرکاء کا گروپ فوٹوتصویر: Getty Images/AFP/R. Michael

کانفرنس کے اختتامی بیان کے حوالے سے کی جانے والی پریس کانفرنس میں جرمن چانسلر نے بتایا کہ یونان کے پاس اب زیادہ وقت نہیں رہا اور اُسے اپنے مالی و اقتصادی مسائل کو بہتر بنانے کے لیے یورو زون اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے معاملات کو سیدھا کرنا ہو گا۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سات ترقی یافتہ اور امیر جمہوریاؤں نے رواں صدی کے اختتام پر زمین کے نیچے سے حاصل کیے جانے والے ایندھن پر بتدریج انحصار ختم کرنے پر مشترکہ طور پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ میرکل کے مطابق فوصل فیول کی جگہ متبادل توانائی کے ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔ کانفرنس کے اختتامی روز امریکی اور فرانسیسی صدور نے سمٹ کے حاشیے میں خصوصی ون ٹُو ون ملاقات کی۔ اِس ملاقات میں یوکرائنی تنازعہ سمیت دوسرے بین الاقوامی امور پر اوباما اور اولانڈ نے گفتگو کی۔

آج پیر آٹھ جون کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مُون اور ورلڈ بینک کے صدر جِم یونگ کِم نے جی سیون سمٹ کے شرکاء کو گلوبل وارمنگ اور دنیا میں افزائش پاتی غربت کے حوالے سے خصوصی معلومات فراہم کیں۔ اجلاس میں عراق کے صدر حیدر العبادی نے جی سیون کے لیڈروں کو شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے خلاف اپنی جنگی حکمتِ عملی کو بیان کیا۔ اِس مناسبت سے امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا تھا کہ رمادی پر اسلامک اسٹیٹ کا قبضہ کم مدتی عمل ہے اور جلد ہی انہیں شہر سے نکال دیا جائے گا۔ یوکرائن کی مخدوش اقتصادی صورت حال پر سمٹ کے لیڈران نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ سے گفتگو بھی کی۔