جنوبی افریقہ: بار میں فائرنگ سے پندرہ افراد ہلاک
10 جولائی 2022جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے مغرب میں واقع سویٹو بستی میں ایک بار یا شراب خانے پر اتوار دس جولائی کی علی الصبح حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی۔ اس کے نتیجے میں پندرہ افراد ہلاک اور دیگر نو زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مسلح افراد ایک منی بس ٹیکسی میں سوار ہو کر آئے اور بار پر اندھادھند فائرنگ شروع کردی، جس کی وجہ سے بار کے اندر موجود افراد نے جان بچانے کی کوشش میں فرار ہونے کی کوشش کی۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے کرس ہانی برگواناتھ نامی مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ نامعلوم حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم پولیس کی جانب سے ان کی تلاش کی جارہی ہے۔
گوٹینگ صوبے کے پولیس کمشنر لیفٹننٹ جنرل الیا ماویل نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ حملے کی وجوہات واضح نہیں ہیں تاہم جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ مرد حملہ آوروں نے گروپ کی شکل میں یہ کارروائی کی ہے۔
جوہانسبرگ کی سویٹو بستی میں ملک کی سیاہ فام برادری کی سب سے بڑی آبادی مقیم ہے۔ اس علاقے کے نوجوان بے روزگاری اور وسیع پیمانے پر غربت جیسے مسائل سے دوچار ہیں۔
جنوبی افریقہ کا شمار دنیا کے ایسے پرتشدد ممالک میں ہوتا ہے، جہاں ہر سال بیس ہزار افراد کو قتل کیا جاتا ہے۔ یہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ فی کس قتل کی شرح میں سے ایک ہے۔
قبل ازیں چھبیس جون کو جنوبی افریقہ کے ساحلی قصبے مشرقی لندن میں واقع ایک اور بار میں اکیس نوجوان افراد کی پراسرار موت ہوگئی تھی۔ ان افراد کی موت کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں۔ تفتیش کاروں نے فائرنگ اور بھگدڑ جیسی دونوں وجوہات کو مسترد کر دیا ہے۔ خدشہ ہے کہ انہیں گیس یا زہر دے کر مارا گیا ہے۔ اس واقعہ کے نتیجے میں بھی مقامی برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ع آ / ر ب (اے ایف پی، اے پی)