1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جزیرہ نماہ کوریا میں کیسونگ صنعتی زون بحال

ندیم گِل16 ستمبر 2013

جنوبی اور شمالی کوریا کا مشترکہ صنعتی زون بحال ہو گیا ہے۔ پیر کی صبح جنوبی کوریا کے تقریباﹰ 820 ورکرز اس صنعتی زون میں کام شروع کرنے کے لیے شمالی کوریا میں داخل ہوئے۔

https://p.dw.com/p/19hzt
تصویر: picture alliance/AP Photo

جنوبی کوریا کے منیجرز سب سے پہلے اس صنعتی زون میں قائم فیکٹریوں کا معائنہ کریں گے اور اس بات کا تعین کریں گے کہ ان میں کتنی جلدی کام بحال ہو سکتا ہے۔

خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق یونہاپ نیوز ایجنسی نے قبل ازیں جنوبی کوریا کی یونیفیکیشن منسٹری کے حوالے سے بتایا کہ کیسونگ صنعتی زون میں قائم 123میں سے نصف سے زائد کمپنیوں نے آزمائشی طور پر کام شروع کرنے کے منصوبے کا عندیہ دیا ہے۔

سیئول اور پیونگ یانگ حکومت کے درمیان اس انڈسٹریل زون کی بحالی پر اتفاق گزشتہ ہفتے منگل کو ہوا تھا۔ اس صنعتی زون تک آسان رسائی دینا بحالی کے معاہدے کا حصہ ہے۔

شمالی کوریا نے سیول کا یہ مطالبہ بھی منظور کیا ہے کہ کیسونگ میں غیرملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سیئول حکومت سمجھتی ہے کہ کیسونگ میں بیرونی مفادات شامل ہونے سے آئندہ کشیدہ حالات کے دوران شمالی کوریا کے لیے اسے بند کرنا مشکل ہوگا۔

Kaesong Nordkorea Südkorea Wirtschaftszone Wiedereröffnung Öffnung
کیسونگ صنعتی پارک 2004ء میں قائم کیا گیاتصویر: Getty Images

اس صنعتی زون کے لیے جنوبی کوریا کے شریک چیئرمین کِم کی وونگ کے مطابق مستقبل میں ہونے والی بات چیت میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کیسونگ بین الاقوامی سطح پر مسابقتی بن جائے۔

ان کا کہنا ہے: ’’یہ مقصد حاصل کرنے کے لیے فیکٹری پارک کھُلنے کے باوجود ابھی کچھ حل طلب مسائل باقی ہیں۔‘‘

کیسونگ صنعتی زون دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے باعث پانچ ماہ قبل بند کر دیا گیا تھا۔ شمالی کوریا نے اس زون سے اپنے 53 ہزار ورکرز نکال لیے تھے اور جنوبی کوریا کو بارہا جوہری حملے کی دھمکی دی تھی۔

دونوں ملکوں نے انڈسٹریل زون کی بندش کا الزام ایک دوسرے پر عائد کیا تھا۔ پیونگ یانگ حکام کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں سمیت جنوبی کوریا کی ’جارحانہ سرگرمیوں‘ نے انہیں اس فیصلے پر مجبور کیا۔

یہ صنعتی زون دونوں ملکوں کی سرحد سے دس کلومیٹر شمالی کوریا کے اندر واقع ہے۔ کشیدگی کے بادل چھٹنے پر دونوں ملکوں نے گزشتہ ماہ کیسونگ کی بحالی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ یہ صنعتی پارک 2004ء میں اس وقت قائم کیا گیا جب دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہو رہے تھے۔