جرمن چانسلر چین کے دورے پر
3 فروری 2012چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق آج جمعے کے روز چینی دارالحکومت میں اپنے قیام کے دوسرے دن جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے چین کے صدر ہُو جِن تاؤ سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں دونوں لیڈروں نے چین اور جرمنی کے باہمی تعلقات کے علاوہ عالمی اقتصادیات کو بھی اپنی گفتگو کا حصہ بنایا۔ اس کے علاوہ اہم بین الاقوامی امور پر بھی دونوں لیڈروں نے تبادلہ خیال کیا۔ ان امور میں شام کی اندرونی صورت حال اور ایران کا متنازعہ جوہری پروگرام یقینی طور پر شامل ہو سکتے ہیں۔
جمعرات کے روز چینی وزیراعظم وین جیا باؤ سے ملاقات میں جرمن چانسلر کو اس دورے میں خاصی تقویت حاصل ہوئی تھی جب چینی لیڈر نے یورو زون کرنسی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ چین پہنچنے کے بعد دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ ایک تقریب میں جرمن چانسلر نے کہا تھا کہ یورو کرنسی نے یورپ کو مظبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دونوں لیڈر بیجنگ میں ایک مشترکہ نیوز بریفنگ میں بھی شریک ہوئے۔
جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ ملاقات کے بعد چینی وزیر اعظم وین جیا باؤ نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ ان کا ملک یورو زون کے میں پائے جانے والے قرضوں کے بحران کے حل کے لیے زیادہ شراکتی عمل پر غور کر رہا ہے۔ چین اس مناسبت سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ذریعے یورپی مالیاتی استحکام کے مستقل فنڈ میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتا ہے۔ وین جیاباؤ کے مطابق چین یورو زون کو درپیش قرضوں کے بحران سے نمٹنے کے لیے زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کو فوقیت دیے ہوئے ہے۔ میرکل نے مشترکہ نیوز بریفنگ میں یورو کرنسی کے استحکام کو یورپی اقوام کی عمومی ذمہ داری قرار دیا۔
میرکل آج چین کےجنوبی شہر گوانگ ژو Guangzhou جانے کا بھی ارادہ رکھتی ہیں جہاں وہ جرمن تاجر برادری کے علاوہ وہاں کے حکومت کے مقرر کیتھولک بشپ سے بھی ملاقات کریں گی۔ وہ گوانگ ژو میں ہونے والی بزنس سمٹ میں بھی شریک ہوں گی۔ جرمن چانسلر کا موجودہ دورہٴ چین کا ہفتے کے روز ختم ہو جائے گا۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: افسر اعوان