جرمن چانسلر چين کے دورے پر
30 اگست 2012بيجنگ ميں جرمن چانسلر ميرکل کے چينی حکام سے مذاکرات ميں يورو زون کے بحران کو خاص اہميت حاصل ہے۔ چينی وزير اعظم وين جياباؤ نے آج آنگيلا ميرکل سے بات چيت کے دوران مالی بحران سے نمٹنے ميں يورپی يونين کی سستی پربہت کھلے الفاظ ميں ناراضگی کا اظہار کيا، ليکن اُنہوں نے يہ بھی کہا کہ چين يورپ کو مالی مشکلات ميں اکيلا نہيں چھوڑے گا۔
چانسلر ميرکل اور چينی رہنماؤں کے مذاکرات کے اختتام پر چينی وزير اعظم وين جيا باؤ نے کہا کہ انہيں يورو مالی بحران پر ذاتی طور پر بہت فکر ہے۔ ليکن انہوں نے يہ بھی کہا کہ اگر شرائط موزوں ہوں تو چين مزيد سرمايہ کاری پر تيار ہے۔ وين جيا باؤ نے کہا کہ چين يورپی مرکزی بينک اور بين الاقوامی مالياتی فنڈ سے قريبی صلاح مشوروں کے تحت يورپی يونين کی مدد کرنا اور اُسے ان بہت مشکل حلات سے نکالنا چاہتا ہے۔ انہوں نے تعريف کی کہ چانسلر ميرکل نے انہيں بہت کھل کر صورتحال سے باخبر کيا ہے۔ ان سے بات چيت کے بعد اُن کا اعتماد بڑھا ہے ليکن وہ مشکوک بھی ہيں کيونکہ جلد اقدامات نہيں کيے جا رہے ہيں۔ چينی وزير اعظم نے يونان کی يورو زون سے عليحدگی اور اسپين اور اٹلی کے ليے اربوں کی رقوم کے بيل آؤٹ پيکجز کو باعث فکر قرار ديا۔
ايک مشترکہ اعلاميے ميں کہا گيا ہے کہ چين اور جرمنی ’مالی بحران ميں صلاح مشوروں اور بات چيت ميں اضافہ‘ کرنا چاہتے ہيں۔ اقتصاديت کو استحکام دينے کے ليے دونوں ملکوں ميں بينکوں اور فرموں کو تجارت اور سرمايہ کاری ميں خاص مدد دی جائے گی۔‘
چين کے زرمبادلہ کے ذخائر 3.2 کھرب ڈالر ہيں۔ چين نے يونانی رياستی بانڈز بھی خريدے ہيں اور اُس نے بين الاقوامی مالياتی فنڈ کو مزيد 43 ارب ڈالر ديے ہيں۔
مشترکہ اعلاميے ميں دونوں ملکوں نے انسانی حقوق کے نازک موضوع کا بھی ذکر کيا۔ چانسلر ميرکل نے کہا: ’’ميں نے آج صحافيوں کی شرائط کار کے بارے ميں جو کچھ کہا اُسے بہت سنجيدگی سے ليا گيا۔ ہماری مشترکہ سوچ ہے کہ صحافيوں کو بہتر رپورٹنگ کے مواقع فراہم کرنا دونوں اقوام کے ايک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے کی بنياد ہے۔‘‘
چانسلر ميرکل کے دورے ميں اير بس کمپنی کو A320 ماڈل کے 50 طياروں کا آرڈر دينے کا سمجھوتہ بھی ہوا ہے جن کی مجموعی ماليت 3.5 ارب ڈالر ہو گی۔
sas,km,DPA