1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن پارلیمان میں ہسپانوی بینکوں کی امداد کے بل کی قرارداد پیش

16 جولائی 2012

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو یقین ہے کہ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے خصوصی اجلاس میں علیل ہسپانوی بینکوں کے لیے امدادی پیکج سے متعلق بل کی منظوری حاصل ہو سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/15YA2
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن پارلیمنٹ کے ایوان زیریں بنڈس ٹاگ (Bundestag) میں یورپی یونین کے علیل ہسپانوی بینکوں کے بیل آؤٹ پیکج میں جرمن شمولیت کی منظوری کی قرارداد پیش کی جا چکی ہے اور اس پر ووٹنگ جمعرات کے روز ہو گی۔ اس ووٹنگ میں قرارداد کی منظوری کے حوالے سے جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی اکثریت قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالی گی۔ ایوان زیریں سے قرارداد کی منظوری کے بعد اس کی مزید منظوری ایوان بالا سے حاصل کی جائے گی۔

Merkel Bundestag Abstimmung Fiskalpakt
جرمن پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کا اندرونی منظرتصویر: picture alliance / dpa

یورو زون کے وزرائے مالیات نے پچھلے پیر کے روز ہسپانوی بینکنگ سیکٹر کو استحکام دینے کے لیے تقریباً ایک سو ارب یورو کے بیل آؤٹ پیکج پر رضامندی کا اظہار کیا تھا۔ اس بیل آؤٹ پیکج میں جرمن شرکت کے لیے میرکل حکومت کو پارلیمنٹ کی منظوری درکار ہے۔ ایوان زیریں سے منظوری کے بعد ہی جرمن وزیر خزانہ وولف گانگ شوئبلے اسی جمعے کے روز یورو زون کے وزرائے خزانہ کے اگلے اجلاس میں اپنے ملک کے تعاون کا یقین سے اظہار کر سکیں گے۔ چانسلر میرکل نے ٹیلی وژن چینل زیڈ ڈی ایف (ZDF) کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت کو بوقت ضرورت ایوان میں اکثریت حاصل ہو جاتی ہے۔

جمعرات کے روز ایوان زیریں بنڈس ٹاگ میں ہونے والی ووٹنگ کے حوالے سے چانسلر میرکل کے علاوہ ان کی سیاسی جماعت کے دیگر اکابرین بھی حوصلہ مند ہیں کہ پیش کردہ قرارداد کی منظوری یقینی ہے۔ میرکل کی قدامت پسند جماعت CDU کے اعلیٰ عہدے دار چیف وہپ مشائیل گروسے بوہیمر (Michael Grosse-Boehmer) اور ایوان میں پارلیمانی لیڈر فالکر کاؤدر (Volker Kauder) نے اس مناسبت سے خاصے حوصلہ افزاء بیانات دیے ہیں۔ ان لیڈران کے انٹرویوز جرمن اخبارات میں شائع ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق میرکل کو قطعی اکثریت حاصل نہ بھی ہوئی تب بھی ایک واضح اکثریت حاصل ہونے کا قوی امکان ہے۔

Bundestag Übersicht Parlament
ایوان زیریں میں ہسپانوی بینکوں کے لیے مالیاتی امداد میں جرمن شرکت پر ووٹنگ اس جمعرات کے روز ہو گیتصویر: picture alliance / dpa

کرسچیئن ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف وہپ مشائیل گروسے بوہیمر نے اپنے انٹرویو میں واضح کیا کہ پارٹی کے اندر بھی بظاہر ایک بڑی اکثریت مسلسل چانسلر انگیلا میرکل کی پالیسیوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن ہسپانوی بینکوں کے بیل آؤٹ پیکج میں جرمن شرکت کی مناسبت سے بعض اراکین پارلیمنٹ سوالیہ نشان رکھتے ہیں۔ بوہیمر کا کہنا ہے کہ سوالیہ نشان رکھنے والے اراکین بنیادی طور پر عوامی منشا کے حوالے سے تشویش رکھتے ہیں۔ مشائیل گروسے بوہیمر کا انٹرویو ہفت روزےڈیئر شپیگل میں شائع ہوا ہے۔

ہسپانوی بینکنگ سیکٹر کے لیے یورپی یونین کے بیل آؤٹ پیکج کی تیاریوں بارے ایک رپورٹ اِسی جرمن ہفت روزے ڈیئر اشپیگل میں شائع ہو چکی ہے۔ اس رپورٹ کی تفصیلات پر ہسپانوی وزارت مالیات نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس رپورٹ  کے مطابق یورپی یونین کے مالیاتی امور کے ماہرین ان دنوں اسپین کی مالی مشکلات کے مداوے کے لیے بیل آؤٹ پیکج کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔ ڈیئر اشپیگل کی رپورٹ کے مطابق اسپین کے بینکوں کی مالی امداد کے سلسلے میں میڈرڈ حکومت کو 100 ارب یورو یا 120 ارب امریکی ڈالر کی خطیر رقم کی فراہمی کا قوی امکان ہے۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ رواں مہینے کے اختتام پر ہسپانوی حکومت کو ابتدائی طور 30 ارب ڈالر کی فراہمی ہو سکتی ہے۔ یہ فراہمی یورپی مالیاتی استحکام فنڈ (European Financial Stability Facility) کی جانب سے تجویز کی گئی ہے۔

ah/sks (Reuters)