جرمنی: کارکنوں کی تنخواہوں میں پایا جانے والا صنفی فرق
5 اکتوبر 2012جرمنی کے وفاقی دفتر شماریات کے مطابق انتظامی یا ایگزیکٹو عہدوں پر فائز مرد اوسطاﹰ 39.50 یورو فی گھنٹہ کماتے ہیں جبکہ انہی عہدوں پر کام کرنے والی خواتین کی اجرت 27.64 یورو فی گھنٹہ ہوتی ہے۔ خواتین اور مردوں کے درمیان کام کے فی گھنٹہ معاوضے کا یہ فرق تیس فیصد بنتا ہے۔ 2010ء میں آمدنی کے حوالے سے تیار کیے جانے والے ٹیبل کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صرف انتظامی عہدوں پر ہی نہیں بلکہ تکنیکی شعبے میں بھی مردوں اور خواتین کی اجرتوں میں فرق تیس فیصد ہی بنتا ہے۔ اس کے علاوہ تدریس کے شعبے میں 28 فیصد جبکہ دستی کاریگری کے شعبے میں یہ فرق 25 فیصد ہے۔
مردوں اور خواتین کی اجرتوں میں سب سے کم یعنی صرف چار فیصد کا فرق دفاتر میں کام کرنے والوں کے مابین پایا جاتا ہے۔ 2006ء کی بات کی جائے تو مجموعی طور پر آمدنی کے اس امتیاز میں تب سے محض ایک فیصد کی معمولی کمی ہوئی ہے۔ اس سے قبل 2010ء کے لیے لگائے جانے والے اندازوں میں بتایا گیا تھا کہ یہ فرق 23 فیصد رہے گا۔
سالانہ بنیادوں پر اور ہر چار سال بعد تنخواہوں میں کمی بیشی کے حوالے سے تیار کیے جانے والے جائزے بھی ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں۔ چار سال کے وقفے سے جو اندازے لگائے جاتے ہیں، ان میں صرف پیشے پر ہی توجہ مرکوز نہیں کی جاتی بلکہ تجربے اور نوکری پیشہ افراد کی عمر کو بھی ملحوظ رکھا جاتا ہے۔
جائزے کے مطابق تنخواہ کا تعلق تعلیمی معیار سے بھی ہے۔ کم تعلیم یافتہ مردوں اور خواتین کے مابین فی گھنٹہ اجرتوں کا فرق 11 فیصد بنتا ہے جبکہ درمیانی درجے کی تعلیم یعنی صرف انٹرمیڈیٹ پاس افراد کے درمیان اس فرق کی شرح 19 فیصد ہے۔ یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کرنے والی خواتین کی مردوں کے مقابلے میں تنخواہیں 27 فیصد کم ہوتی ہیں۔
ai / mm (ots)