1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتیورپ

جرمنی میں نئی کاروں کی فروخت، مارچ میں قریب سترہ فیصد اضافہ

9 اپریل 2023

جرمنی میں نئی گاڑیوں کی فروخت میں تازہ ترین سرکاری ڈیٹا کے مطابق اس سال مارچ میں اُس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں تقریباﹰ سترہ فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ یہ بات کار سازی کی جرمن صنعت کی بہتر ہوتی ہوئی صورت حال کا ثبوت ہے۔

https://p.dw.com/p/4PpBv
Mercedes-Benz VISION EQXX
تصویر: Mercedes-Benz AG/Cover-Images/IMAGO

جرمنی میں ٹرانسپور‌ٹ سے متعلق وفاقی محکمہ کے بی اے کہلاتا ہے۔ اس ادارے کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ پورے ملک میں مارچ 2022ء کے مقابلے میں تقریباﹰ 16.6 فیصد زیادہ نئی گاڑیاں فروخت ہوئیں۔

اس متاثر کن کاروباری اضافے کا مطلب یہ ہے کہ دنیا بھر میں مشہور موٹر گاڑیاں تیار کرنے والی جرمن صنعت اب کورونا وائرس کی عالمی وبا اور اس دوران پرزوں کی ترسیل سے متعلق سپلائی چین میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے اثرات سے کافی حد تک نکل چکی ہے۔

Volkswagen Produktion ID.3
نئے اعدادوشمار کی روشنی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جرمن کار سازی کی صنعت کورونا کی عالمی وبا کے منفی اثرات سے باہر نکل آئی ہےتصویر: Jens Meyer/AP/picture alliance

ایس یو وی گاڑیوں کی مقبولیت

کے بی اے نے بتایا کہ جرمنی میں، جو یورپی یونین کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک اور یورپ کی سب سے بڑی معیشت بھی ہے، مارچ 2023ء میں مجموعی طور پر 281,361 نئی گاڑیاں سڑکوں پر آئیں۔ یہ تعداد مارچ 2022ء کے مقابلے میں تقریباﹰ 17 فیصد زیادہ بنتی ہے۔

جرمن آٹو موبائل صنعت کے زوال پر بننے والی ڈاکومنٹری

اس سے قبل فروری میں بھی جرمنی میں نئی کاروں کی فروخت میں ہونے والا اضافہ فروری 2022ء کے مقابلے میں حوصلہ افزا تو تھا مگر اس کی شرح صرف 2.8 فیصد رہی تھی۔

گزشتہ ماہ جرمن صارفین نے ملک بھر میں جتنی بھی نئی گاڑیاں خریدیں، ان میں سب سے زیادہ تعداد روایتی گاڑیوں کے مقابلے میں سڑک سے زیادہ اوپر رہنے والی ان کاروں کی تھی، جو SUV کہلاتی ہیں۔ مارچ میں فروخت کی گئی دو لاکھ 81 ہزار سے زائد نئی گاڑیوں میں سے تقریباﹰ 30 فیصد SUV گاڑیاں ہی تھیں۔

Symbolbild Bremsproblemen | Mercedes ruft weltweit fast eine Million Autos zurück
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق ایس یو وی اور الیکٹرک کاروں کی مانگ نسبتاﹰ زیادہ رہیتصویر: Daimler/dpa-mag/picture alliance

الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ بھی زیادہ

یورپی یونین کی طرف سے پٹرول سے چلنے والے انجنوں والی روایتی گاڑیوں کی حوصلہ شکنی کرنے اور تحفظ ماحول کے لیے زیادہ مؤثر اقدامات کرنے کی نیت سے جو کئی طرح کے نئے قوانین بنائے گئے ہیں، ان کی روشنی میں یونین کے سبھی ممالک میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت گزشتہ چند برسو‌ں سے مسلسل زیادہ ہوتی جا رہی ہے۔

مرسیڈیز گاڑیاں بنانے والی جرمن کمپنی کا نام بدل دیا جائے گا

جرمنی میں بھی یہی رجحان دیکھا جا ریا ہے۔ گزشتہ ماہ پورے ملک میں جو نئی کاریں فروخت ہوئیں، ان میں سے 44 ہزار سے زائد گا ڑیاں الیکٹرک کاریں تھیں، جنہیں EV کہا جاتا ہے۔ یہ تعداد 28 فیصد اضافے کا پتہ دیتی ہے۔

م م / ش ر (ڈی پی اے، اے ایف پی)

جرمنی کی ’ویگان گاڑیاں‘