جرمنی سے بے دخل سرب، ایک دشوار وقت سامنے
1 اکتوبر 2015جرمنی میں قریب دو لاکھ سرب تارکین وطن بستے ہیں، جن کے پاس رہائشی اجازت نامہ نہیں یا جنہوں نے سیاسی پناہ کی درخواست دے رکھی ہے۔ ابتدا میں ان افراد نے سابقہ یوگوسلاویہ میں خانہ جنگی کی صورت حال کی وجہ سے اپنا وطن چھوڑا اور جرمنی پہنچ گئے تاہم وہاں غربت اور بے روزگاری میں اضافے اور دیگر وجوہات کی بنا پر بعد میں بھی سربیا سے تارکین وطن جرمنی آتے رہے۔
ایسے تارکین وطن جو جرمنی میں نوکری تلاش نہیں کر پاتے، سیاسی پناہ کی درخواست دے دیتے اور حکومتی مراعات سے فائدہ اٹھانے لگتے ہیں۔ سربیا سے تعلق رکھنے والے افراد میں سے 90 فیصد روما نسل باشندوں کی ہے، جو غربت کے ساتھ ساتھ منظم نسلی تفریق کے شکار بھی ہیں۔
تاہم جرمن حکومت کے مطابق ان دو لاکھ افراد میں سے کوئی بھی جرمنی میں نہیں رہے گا، کیوں کہ برلن حکومت نے سربیا، مقدونیہ اور بوسنیا کو محفوظ ممالک قرار دے دیا ہے اور اب ان ممالک سے تعلق رکھنے والے باشندوں کو جرمنی میں سیاسی پناہ ملنا بہت مشکل ہے۔
سیاسی پناہ سے متعلق جرمن قانون کے مطابق ان بلقان ریاستوں میں سے کہیں بھی نہ تو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور نہ ہی کسی کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔
سن 2008ء سے اب تک تقریباﹰ سات ہزار سرب باشندوں کو وطن واپس بھیجا جا چکا ہے ،جب کہ مزید دو ہزار افراد کو رواں برس کے اختتام تک سربیا کے حوالے کر دیا جائے گا۔
مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ سے یورپ اور خصوصاﹰ جرمنی پہنچنے والے مہاجرین کے سیلاب کی وجہ سے برلن حکام کے پاس نہایت کم راستے ہیں کہ وہ بلقان ریاستوں کے تارکین وطن کی سیاسی پناہ کی درخواستوں کو بھی مثبت جواب دے پائیں۔ حکام کے مطابق جرمنی اگلے کچھ عرصے میں سربیا، کوسووو اور البانیہ سے تعلق رکھنے والے قریب 75 ہزار تارکین وطن کی سیاسی پناہ کی درخواستوں کو مسترد کر کے ان افراد کو وطن واپس بھیج دے گا جب کہ وطن واپسی کے عمل کو تیز تر بھی بنایا جائے گا۔
وطن واپس لوٹنے والے ان افراد کے انتظام و انصرام میں مصروف حکومتی عہدیدار مِسکووِچ کے مطابق، ’’سربیا نے وطن واپس لوٹنے والے افراد کو ری ایڈمیشن معاہدے کے تحت معاشرتی انضمام کی ایک حکمت عملی بنا رکھی ہے۔ ان افراد کو رہائش اور دیگر سہولیات کے لیے گزشتہ برس ایک لاکھ 65 ہزار یورو خرچ کیے گئے۔‘‘
جرمنی سے بے دخل کیے جانے والے یہ افراد سربیا پہنچنے پر یا تو دوبارہ اپنے اہلِ خانہ سے جا ملتے ہیں یا انہیں شَبَتس اور بیلا پلانکا کے علاقے میں قائم خصوصی مراکز میں رہائش فراہم کی جاتی ہے۔ یہاں ان افراد کو ایک چھوٹا سا کمرہ اور خوراک دی جاتی ہے اور ملکی دستاویزات دوبارہ حاصل کرنے کے لیے مدد فراہم کی جاتی ہے۔