1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی بمقابلہ يونان، میچ کے شائقين ميں ميرکل شامل

21 جون 2012

جمعے کے روز يوئيفا يورو چيمپئن شپ کے دوسرے کوارٹر فائنل مقابلے ميں جرمنی کا سامنا يونان سے ہوگا اور اس ميچ کو ديکھنے کے ليے جرمن چانسلر انگيلا ميرکل بھی اسٹيڈيم ميں موجود ہوں گی۔

https://p.dw.com/p/15J32
تصویر: picture-alliance/dpa

بائيس جون کو پولينڈ کے شہر گڈانسک (Gdansk) ميں کھيلے جانے والے دوسرے کوارٹر فائنل ميچ کو يورپ کی موجودہ سياسی اور اقتصادی صورتحال کی وجہ سے خاص اہميت حاصل ہے۔ جو دو ٹيميں ايک دوسرے کے مدِمقابل ہوں گی، ان کے ملک اس وقت يورپی اقتصادی بحران کا حصہ بھی ہیں۔ يہی وجہ ہے کہ توقع کی جا رہی ہے کہ اس ميچ ميں دونوں ٹيموں کے شائقين اور کھلاڑيوں، دونوں ہی کے جذبات کافی بلند ہوں گے۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق جرمن چانسلر انگيلا ميرکل بھی يہ ميچ ديکھنے کے ليے اسٹيڈيم ميں موجود ہوں گی۔ اب ديکھنا يہ ہے کہ ميرکل کی موجودگی جرمن ٹيم کے ليے خوش قسمت ثابت ہوتی ہے يا يونان کے کھلاڑيوں کے ليے فتح حاصل کرنے کے ليے حوصلہ افزائی کا سبب بنتی ہے۔

جرمنی کی قومی فٹبال ٹيم کے کھلاڑی سميع خضيرا کا کہنا ہے کہ جرمن چانسلر ٹيم کے ليے خوش قسمتی کا باعث ہیں۔ ميرکل، يوکرائن اور پولينڈ کی مشترکہ ميزبانی ميں جاری يوئيفا يورو فٹبال چيمپئن شپ کے آغاز سے پہلے پولينڈ کے شہر Gdansk ميں جرمن ٹيم کے ساتھ ايک ملاقات کر چکی ہيں۔ اس سے قبل ميرکل سن 2010 کے فٹبال ورلڈ کپ کے دوران ہونے والا جرمنی اور ارجنٹائن کا ميچ بھی ديکھ چکی ہيں جو جرمنی نے صفر کے مقابلے ميں چار گول سے جيتا تھا۔

یورپی فٹ بال چیمپئن شپ میں جرمن فٹبال ٹيم گروپ اسٹيج کی واحد ٹیم ہے، جو اپنے تينوں ميچ جيتنے ميں کامياب رہی اور يہی وجہ ہے کہ کئی ماہرين جرمنی کو ٹورنامنٹ جيتنے کے ليے فيورٹ قرار دے رہے ہيں۔ البتہ Arena Gdansk ميں کھيلے جانے والے اس ميچ کے ليے جرمن ٹيم کے کھلاڑيوں کا کہنا ہے کہ يہ ميچ اتنا آسان نہيں ہو گا۔ نيوز ايجنسی اے پی کے مطابق تھومس مولر کا ماننا ہے کہ يونانی کھلاڑی دفاعی کھيل پيش کريں گے اور یہ صورتحال جرمن ٹیم کے لیے آسان نہيں ہوگی۔ ادھر سميع خضيرا کا بھی کچھ ايسا ہی کہنا ہے۔ خضیرا نے کہا کہ يونان کے دفاع کو توڑنا مشکل کام ہے ليکن ان کا خیال ہے کہ جرمن ٹيم ميں ايسے کھلاڑی شامل ہيں جو يہ کام کر سکيں گے۔ خضیرا نے بھی يونان کو ايک بہت اچھی ٹيم قرار دیا ہے۔

دوسری جانب يونان کی ٹيم بھی اس ميچ کے ليے تيار نظر آتی ہے اور ٹيم ميں شامل کھلاڑيوں کے حوصلے کافی بلند ہيں۔ ٹيم کے فارورڈ کھلاڑی دیمیترس سالپیگیڈیس (Dimitris Salpigidis) نے اس سلسلے ميں کہا کہ ان کی ٹیم میں شامل کوئی بھی کھلاڑی يہ نہیں سمجھتا کہ يہ اس کا آخری ميچ ہوگا۔ انہوں نے مزيد کہا کہ يونان ميں لوگوں کو روز مرہ کی زندگی ميں کئی مسائل کا سامنا ہے اور کھلاڑی اميد کرتے ہيں کہ جيت کے ذريعے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لائی جا سکے گی۔

Miroslav Klose اور Mario Gomez جرمنی کی ٹيم کے اہم فارورڈ کھلاڑی ہيں
Miroslav Klose اور Mario Gomez جرمنی کی ٹيم کے اہم فارورڈ کھلاڑی ہيںتصویر: Getty Images/DW

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق تين مرتبہ يورپی چيمپئن جرمنی کے بارے ميں يہ قياس آرائياں کی جا رہی ہيں کہ ٹيم ميں اس ميچ کے ليے فارورڈ کھلاڑی Miroslav Klose کو شامل کيا جائے گا۔ کلوزے اب تک کھیلے گئے تینوں میچوں کی ابتدائی الیون کا حصہ نہیں تھے۔ ان کو دوسرے ہاف میں متبادل کھلاڑی کے طور پر بھیجا جاتا رہا ہے۔ ماریو گومیز مسلسل تینوں میچوں کی فرسٹ الیون کا حصہ تھے۔ جرمنی اور يونان کے درميان اب تک آٹھ ميچ کھيلے جا چکے ہيں جن ميں سے پانچ مرتبہ جرمن ٹيم کامياب رہی جبکہ تين مرتبہ ميچ برابر رہا۔ اس فٹبال ميچ ميں يونان، جرمنی کے خلاف اپنی پہلی فتح کے تعاقب ميں ہے۔

as/ah (AP)