جرمنی آسیہ بی بی کو پناہ دینے پر تیار
21 نومبر 2018جرمن پارلیمان میں یونین جماعتوں سی ڈی یو اور سی ایس یو کے دھڑے کے سربراہ پرفیسر ہیریبرٹ ہِرٹے نے جرمنی کے ڈوم ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تازہ اطلاعات کے مطابق جرمن حکومت نے آسیہ بی بی اور ان کے خاندان کے افراد کو جرمنی کا رہائشی ویزہ دینے کی اجازت دے دی ہے۔ ہِرٹے کے مطابق اب یہ فیصلہ آسیہ بی بی اور ان کے خاندان نے کرنا ہے کہ آیا وہ جرمنی آنا چاہتے ہیں یا نہیں۔
یاد رہے کہ آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک نے منگل 20 نومبر کو جرمن شہر فرینکفرٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جرمن حکومت کو آسیہ بی بی کی مدد کرنی چاہیے اور انہیں جرمنی کا ویزا فراہم کرنا چاہیے۔ سیف الملوک کے مطابق اگر جرمن حکومت آسیہ بی بی اور ان کے خاندان کو ویزا دے دیتی ہے تو پھر انہیں پاکستان سے نکلنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
پروفیسر ہیریبرٹ ہِرٹے کا مزید کہنا تھا کہ فرانس، برطانیہ اور کینیڈا بھی آسیہ بی بی کو اسی طرح کی پیشکش کر چکے ہیں۔ اس طرح اب ان کے پاس اس بات کی چوائس موجود ہے کہ وہ کس مغربی ملک میں رہنا چاہتی ہیں۔
ہیربرٹ ہِرٹے کے مطابق جرمن حکومت پاکستان حکام کے ساتھ رابطہ کر کے مزید فیصلہ کرے گی۔
خیال رہے کہ آسیہ بی بی کو پاکستانی سپریم کورٹ نے چند ہفتوں قبل توہین مذہب کے الزام سے بری کرتے ہوئے ان کے لیے سزائے موت کا فیصلہ ختم کر دیا تھا۔
ا ب ا / ع ا (ڈوم ریڈیو)