1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپانی وزیر اعظم کا مستعفی ہونے کا اعلان

28 اگست 2020

جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ خرابیٴ صحت کی بنیاد پر  اپنے منصب سے دستبردار ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3hdP1
Japan Premirminister Shinzo Abe erklärt Rücktritt
تصویر: Reuters/F. Robichon


جاپانی مقامی میڈیا کے مطابق شینزو آبے نے صحت کے دیرینہ مسائل کی وجہ سے وزارتِ عظمیٰ کے منصب کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ وہ کئی برسوں سے بڑی آنت کے نچلے حصے کے السر میں مبتلا ہیں۔ آبے کو یہ بیماری سن بلوغت میں لاحق ہو گئی تھی۔ انہوں نے اس بیماری کی شدت کی وجہ سے سن 2007 میں بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

جاپانی وزیراعظم ایران کا دورہ کر سکتے ہیں

شینزو آبے نے الیکشن جیت لیا، مگر لوگوں کے دل نہ جیت پائے

جاپان کے قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے نے ذرائع کے حوالے سے  بتایا ہے کہ شینزو آبے اپنی دائمی بیماری کی وجہ سے وزارتِ عظمیٰ سے علیحدہ ہوتو گئے ہیں لیکن ان کو یہ پریشانی لاحق ہے کہ ایسا کرنے سے ملک کو حکومتی مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ پینسٹھ سالہ آبے حکومت کو کسی پریشانی میں مبتلا نہیں کرنا چاہتے تھے۔ انہیں گزشتہ برس جاپان پر سب سے طویل عرصے تک حکومت کرنے والے وزیر اعظم  رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا تھا۔

حالیہ ایام میں وہ ایک ہفتے میں دو مرتبہ ہسپتال گئے اور ایسے خدشات کا اظہار کیا گیا کہ ان کی صحت گر رہی ہے۔ ان کا موجودہ دورِ حکومت ستمبر سن 2021 تک ہے۔ لبرل ڈیموکریٹک پارٹی ماضی میں ان کی اقتدار سے علیحدگی کی خبروں کی تردید کرتی رہی ہے۔ ابھی پچھلے منگل پچیس اگست کو ان کے ایک مشیر نے کہا تھا کہ وزیر اعظم اپنی مدت مکمل کریں گے۔

شینزو آبے ایک قدامت پسند رہنما ہونے کے علاوہ قوم پرست بھی ہیں۔ وہ متحرک اور تیز اقتصادی پالیسیوں کو وقت کی ضرورت خیال کرتے ہیں اور ان کے متعارف کرائے گئے اقتصادی اقدامات 'ایبےنومکس‘ کی اصطلاح سے پکارے جاتے ہیں۔

اپنے دور اقتدار میں آبے نے ملکی دفاع کو مظبوط کرنے کے کئی عملی اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ فوج کو توانا کرنے کے کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ انہوں نے اپنے ملکی دستور کی شق نو کو تبدیل بھی کیا اور اس باعث ان کا ملک اب دنیا میں کسی بھی مقام پر اپنے مفادات کو محفوظ رکھنے کے لیے دفاعی اقدامات کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق شینزو آبے منصبِ وزارتِ عظمیٰ چھوڑنے کے بعد اپنے ملک کو سلامتی کی راہ پر چھوڑ کر جائیں گے۔

ع ح، ع  ا (ای ایف پی، روئٹرز)