1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپانی خاتون کھلاڑی یُو ایس اوپن کی فاتح

9 ستمبر 2018

امریکی شہر نیویارک میں رواں برس ٹینس کے آخری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں ویمنزچیمپئن شپ جاپان کی ناؤمی اوساکا نے جیت لی ہے۔ ہفتے کو کھیلے گئے چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں سیرینا ولیمز کو شکست ہوئی۔

https://p.dw.com/p/34ZR9
US Open Finale Naomi Osaka
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Hunger

ٹینس کھیل کے یُو ایس اوپن ٹورنامنٹ میں ویمنز سنگلز چیمپئن شپ جاپانی کھلاڑی ناؤمی اوساکا نے جیت لی ہے۔ فائنل میچ میں اوساکا نے امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز کو لگاتار دو سیٹس میں ہرایا۔ انہوں نے چیمپئن شپ میں چھ دو اور چھ چار سے کامیابی حاصل کی۔ بیس سالہ ناؤمی اوساکا پہلی جاپانی خاتون ہیں جنہوں نے ٹینس کا کوئی گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتا ہے۔

سیرینا ولیمز چوبیسواں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کی کوشش میں تھیں۔ انہیں مسلسل دوسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں شکست ہوئی ہے۔ اگر انہیں کامیابی حاصل ہوتی تو وہ سب سے زیادہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والی مارگریٹ کورٹ کے ہم پلہ ہو جاتیں۔ دو ماہ قبل وہ لندن میں کھیلے جانے والے ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں جرمن کھلاڑی اینجلیک کیربر سے ہار گئی تھیں۔ 

یُو ایس اوپن کے فائنل میچ کے دوران سیرینا ولیمز کی ریفری کے ساتھ بدمزگی بھی ہوئی۔ میچ ریفری کارلوس راموس نے امریکی کھلاڑی کو متنبہ کیا کہ وہ باہر بیٹھے اپنے کوچ سے کھیل کی ہدایات مت لیں کیونکہ یہ قواعد کے منافی ہے۔ اسی طرح ایک پوائنٹ ہارنے پر امریکی کھلاڑی نے اپنا ریکٹ زمین پر مارا اور ریفری نے اسے کھیل کے ضابطہٴ اخلاق کے منافی قرار دیا۔

US Open Finale Serena Williams Schläger
سیرینا ولیمز نے پوائنٹ ہارنے پر اپنے ریکٹ کو زمین پر مار توڑ ڈالاتصویر: picture-alliance/newscom/J. Angelillo

ریفری کی دوسری وارننگ پر سیرینا ولیمز نے چیختے ہوئے ریفری کو جھوٹا اور چور تک کے القابات سے نواز ڈالا۔ اس چیخنے پر ریفری نے سیرینا کو ایک اور یعنی تیسری وارننگ دیتے ہوئے اُن کے پوائنٹس میں کٹوتی بھی کر دی۔ اس کٹوتی پر وہ پہلی گیم ہار گئیں۔

میچ میں بدمزگی کے بعد نیویارک کے ٹینس کمپلیکس میں امریکی شائقین کی جانب سے جاپانی کھلاڑی کو ٹرافی دینے پر قدرے ناپسندیگی کا اظہار کیا گیا۔ اس پر سیرینا ولیمز نے آرتھر ایش اسٹیڈیم کے شائقین سے کہا کہ وہ نوجوان چیمپئن کا احترام کریں۔ امریکی لیجنڈ کا درجہ رکھنے والی سیرینا ولیمز نے اوساکا کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

یہ امر اہم ہے کہ جاپانی کھلاڑی اپنی امریکی حریف سے سولہ برس چھوٹی ہیں۔ ٹرافی حاصل کرنے کے بعد ناؤمی اوساکا نے کہا کہ سیرینا ولیمز کے ساتھ میچ کھیلنا ایک بہت بڑے اعزاز کے مساوی ہے۔

ع ح ⁄ الف الف، اے ایف پی