1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی کا ایران کے ساتھ تجارت دوگنا کرنے کا عزم

عاطف بلوچ30 جنوری 2014

ترک وزیر اعظم نے اپنے دورہ ایران کے دوران کہا ہے کہ دونوں ممالک آئندہ برس تک باہمی تجارت کا حجم دو گنا سے زائد کرتے ہوئے اسے تیس بلین ڈالر تک لے جائیں گے۔ سال2013 میں ایران اور ترکی کے مابین یہ حجم 13.5 بلین ڈالر تھا۔

https://p.dw.com/p/1AzIK
تصویر: Mehr

ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن منگل کے دن ایران پہنچے تھے۔ ایردوآن نے ایرانی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ باہمی تجارت کو فروغ دینے کے علاوہ شامی تنازعہ پر بھی گفتگو کرنا تھی۔ شام کے تنازعے کے حل کے لیے ان ہمسایہ ممالک میں ایک کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔ یاد رہے کہ ایرانی قیادت شامی صدر بشار الاسد کی حامی ہے جبکہ ایردوآن کھلے عام شامی اپوزیشن کی حمایت کرتے ہیں۔

ایردوآن کے اس دورے کو انقرہ اور تہران کے مابین نئے مراسم کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ تہران میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تر ک وزیر اعظم نے کہا، ’’سال 2012 تجارت کے اعتبار سے غیر معمولی رہا۔ اس دوران ترکی اور ایران کے مابین مجموعی تجارت کا حجم 21.8 بلین ڈالر رہا۔ بدقسمتی سے 2013ء میں یہ کم ہوا اور 13.5 ملین ڈالر تک آ گیا لیکن دونوں ممالک چاہتے ہیں کہ 2015ء تک اس تجارتی حجم کو 30 بلین ڈالر تک لے جایا جائے۔‘‘

Erdogan Khamenei Iran Türkei
ایردوآن نے صدر حسن روحانی کے علاوہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کیتصویر: Mehr

ترکی توانائی کے شعبے میں اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے روایتی طور پر ایران اور روس پر انحصار کرتا ہے۔ تاہم اب رجب طیب ایردوآن کا کہنا ہے کہ ان کا ملک ایران سے درآمدات میں اضافہ کر سکتا ہے۔ اس دورے کے دوران ترک وزیر اعظم نے تین اہم تجارتی معاہدوں پر دستخط بھی کیے۔

یہ امر اہم ہے کہ ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام کی وجہ سے یورپی یونین اور امریکا کی طرف سے ایران پر تیل اور گیس کی برآمدات کے حوالے سے پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔ تاہم اب عالمی طاقتوں اور تہران حکومت کے مابین ایک ابتدائی سمجھوتے کے بعد ایران نے اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنے پر اتفاق کیا ہے، جس کے بدلے میں ایران پر عائد کچھ تجارتی پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں۔

ایران میں قیام کے دوران ایردوآن نے صدر حسن روحانی کے علاوہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کی۔ تاہم ان ملاقاتوں کی تفصیلات میڈیا پر جاری نہیں کی گئی ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق خامنہ ای نے ایرادوآن سے ملاقات کے بعد کہا، ’’دونوں ممالک کے مابین دوستی اور برادرانہ تعلقات کی تاریخ صدیوں پرانی ہے۔‘‘ سپریم لیڈر نے زور دیا ہے کہ مستقبل میں ہمسایہ ممالک کو اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنانا چاہیے۔

ایران روانہ ہونے سے قبل ایردوآن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تہران حکومت کے ساتھ شامی تنازعہ کے حل پر بھی بات چیت کریں گے لیکن اس دورے کے دوران اطراف نے اس بارے میں کوئی بیان عوامی سطح پر جاری نہیں کیا ہے۔