1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی پاکستان کو 30 جنگی ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا

13 جولائی 2018

ترکی پاکستان کو تیس جنگی ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دو مسلم ملکوں کے مابین ہونے والا یہ دوسرا بڑا دفاعی معاہدہ ہے۔ ترکی اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ اتنے زیادہ ہیلی کاپٹر برآمد کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/31OBq
T129 ATAK Helikopter
تصویر: Imago/StockTrek Images

ترک حکام کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، ’’دونوں برادر ملکوں کے مابین T129 ATAK طرز کے تیس ہیلی کاپٹروں کی فروخت کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔‘‘

جرمنی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق ترکی پاکستانی فوج کو لاجسٹکس کے ساتھ تربیتی خدمات بھی فراہم کرے گا۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق، ’’اے ٹی اے کے ہیلی کاپٹر اس کلاس کے موثر ترین حملہ آور ہیلی کاپٹر ہیں۔‘‘

T129 ATAK Helikopter
تصویر: picture-alliance/AA/M. Kaynak

قبل ازیں فروری میں ترکی نے کہا تھا کہ شامی علاقے عفرین میں کردوں کے خلاف یہی جنگی ہیلی کاپٹر استعمال کیے گئے تھے۔

نیوز ایجنسی روئٹرز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین یہ معاہدہ 1.5 بلین ڈالر میں طے پایا ہے۔ یہ جنگی ہیلی کاپٹر کثیر الامقاصد ہونے کے ساتھ ساتھ بھاری ہتھیاروں کے ہمراہ بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

ان ہیلی کاپٹروں کو زمینی دستوں کو بھی معاونت فراہم کرنے کے لیے استعمال میں لایا جا سکتا ہے جبکہ ان پر جدید الیکٹرانک جنگی آلات اور ایک ہی وقت میں 76 راکٹ نصب ہوتے ہیں۔ ان ہیلی کاپٹروں پر اینٹی ٹینک اور لیزر گائیڈڈ میزائلوں کا نظام ’سیریٹ‘ بھی نصب ہے، جسے ترکی میں ہی تیار کیا گیا ہے۔ ترکی سن 2014ء سے پاکستان کو T129 طرز کے یہ ہیلی کاپٹر فروخت کرنے کی کوشش میں تھا۔     

قبل ازیں پانچ جولائی کو ترک وزارت دفاع نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کو تقریبا سو میتر طویل چار جنگی بحری جہاز فروخت کیے جائیں گے۔

T129 ATAK Helikopter
تصویر: picture-alliance/AA/M. Kaynak