ترکمانستان کے صدر کے گیت نے گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر لیا
1 دسمبر 2015سابق سوویت ریاست ترکمانستان کے صدر اور ایک طاقتور سیاستدان قربان قلی بردی محمدوف نے یہ گیت لکھا اُس کے بول کچھ یوں ہیں کہ، ’’ آگے، صرف اور صرف آگے، میری پیاری دھرتی ترکمانستان‘‘، اس کو 4,166 ترکمن باشندوں نے مل کر رقص بندی کی شکل میں جس طرح پیش کیا وہ ایک انوکھا فن قرار دیا جا رہا ہے اور خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو Guiness Book of world Record کے لیے کام کرنے والوں نے بذریعہ ای میل بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں رقص بندی کے ساتھ اس خوبصورت گیت گا کر ترکمنستان کے باشندوں نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
’’ میں نے ترکمن باشندوں کے ایک بہت بڑے گھیرے کو ہم آواز ہو کر اور مل کر اپنے صدر کے لکھے ہوئے ملی گیت کو جذبہ حُب الوطنی کے ساتھ گاتے ہوئے خود دیکھا ‘‘۔ یہ کہنا ہے گینیز ورلڈ ریکارڈز کی ایک جج سیدا سُباسی کا۔
اس گیت کو چمڑے کے بنے ہوئے ایک گنبدنما گول خیمے کے اندر گایا گیا۔ اس خیمے کی اونچائی 35 میٹر اور قُطر 70 میٹر بتایا گیا ہے۔ اس طرح کے خیموں کو وسطی ایشیائی ثقافت اور اقدار کا حصہ مانا جاتا ہے۔
ترکمانستان کے صدر کے قربان قلی بردی محمدوف کے حق میں حمایت کا اظہار کرنے کے لیے یہ خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا تھا۔ اس تقریب میں ایک بڑی اسکرین نصب کی گئی تھی جس پر ویڈیو کے ذریعے صدر قربان کو گانے کی ہدایات دیتے اور شرکاء کے ساتھ گاتے دکھایا گیا۔
ترکمانستان نے پہلی بار اس نوعیت کا کوئی ریکارڈ قائم نہیں کیا بلکہ حالیہ برسوں میں اس ملک کو متعدد غیر معمولی ٹائٹلز سے نوازا گیا ہے۔
رواں سال مئی میں حکومت کی طرف سے اشک آباد میں صدر قربان قلی بردی محمدوف کا ایک بہت بڑا سنہری مجسمہ بھی نصب کیا گیا تھا۔