بھارتی سیاست میں جرائم کا بڑھتا اثر
29 اپریل 2009سیاست میں جرائم پیشہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور یہ خیال عام ہے کہ پہلے سیاست داں اور سیاسی پارٹیاں جرائم پیشہ افراد کو آلہ کار کے طور پر استعمال کرتی تھیں لیکن اب جرائم پیشہ افراد سیاست کو اپنی طاقت میں اضافہ کا ذریعہ بنارہے ہیں۔ حالیہ عام انتخات میں کوئی بھی سےاسی جماعت یہ دعوی نہیں کرسکتی کہ اس کے تمام امیدوار صاف ستھرے اور بے داغ امیج والے ہیں۔
یہاں سیاست میں جرائم پیشہ افراد کا ریکارڈ رکھنے والی ایک غیرسرکاری تنظیم نیشنل الیکشن واچ کے قومی رابط کار انل بیریوال سے جب ہم نے پوچھا کہ اس مرتبہ کے انتخابات میں جرائم کار ریکارڈ رکھنے والے امیدواروں کی کیا صورت حال ہے تو انہوں نے کہا پہلے ‘ دوسرے ‘ تیسرے اور کچھ حد تک چوتھے مرحلے کے امیدواروں کی جو تفصیلات سامنے آئی ہیں ان سے پتہ چلتا ہے کہ تقریباََ15 فیصد امیدوار ایسے ہیں جن کے خلاف مجرمانہ معاملات درج ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان امیدواروں پر کوئی معمولی الزامات نہیں ہیں بلکہ ان میں سے متعدد پر قتل‘ اقدام قتل‘ لوٹ‘ عصمت دری‘ ڈاکہ‘ اغوا جیسے سنگین الزامات ہیں۔
جرائم کے الزامات میں ملوث سیاسی لیڈران یہ کہتے ہوئے اپنا دفاع کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ سیاسی کارکن ہونے کی وجہ سے ان کے خلاف ایسے الزامات عائد کیا جانا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ تاہم انل بیریوال کا کہنا ہے کہ ان کی تنظیم نے انہیں امیدواروں کو مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والا شخص قرار دیا ہے جوپارلیمان کی طرف سے جرم کی طے کردہ تعریف کے دائرے میں آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 475امیدوار ایسے ہیں جن پر قتل ‘ اقدام قتل اور چوری کا کیس ہے۔ ان کے خلاف سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے کوئی کیس نہیں ہے۔
انل بیریوال نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ جن الزامات کی وجہ سے عام شہریوں کو برسوں عدالتوں کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں ایسے ہی الزامات والے لیڈران خود کو سیاسی کارکن بتاکر بچ نکلتے ہیں۔
اگرچہ الیکشن کمیشن نے اس مرتبہ کئی ممبران پارلیمنٹ کو ان کے مجرمانہ ریکارڈ کے مدنظر الیکشن میں حصہ لینے سے روک دیا۔ لیکن ایسے لوگوں نے اپنی سیاسی طاقت کو برقرار رکھنے کے لئے دوسرا راستہ تلاش کرلیا ہے۔ انہوں نے اپنی جگہ اپنی بیویوں یا رشتہ داروں کو میدان میں اتار دیا ۔نیشنل الیکشن واچ کے انل بیریوا ل اسے ایک افسوسناک صورت حال قرار دیتے ہوئے اس کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو قصوروار ٹھہراتے ہیں۔ لیکن سیاسی پارٹیوں کی اپنی ہی دلیل ہے اور ہر پارٹی سیاست میں جرائم کی آمیزش کے لئے دوسرے کو ذمہ وار ٹھہراتی ہے۔