1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی ریاست اڑیسہ میں شدید سیلاب، دو درجن سے زائد ہلاکتیں

16 ستمبر 2011

مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارت کے متعدد علاقوں کو سیلاب کا سامنا ہے۔ پاکستان کی طرح بھارت میں بھی آنے والے سیلاب کے باعث سینکڑوں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/12aAx
تصویر: AP

بھارت کی مشرقی ریاست اڑیسہ کے بعض علاقوں کو شدید سیلاب کا سامنا ہے۔ اس ریاست کے کئی مقامات کو طوفانی اور موسلادھار بارشوں کا سامنا رہا ہے۔ ان بارشوں سے پیدا ہونے والے سیلاب کی زد میں آ کر چھبیس افراد کی ہلاکت کی حکام نے تصدیق کر دی ہے۔ ریاستی وزیر سوریا نارائن پترا کے مطابق ایک درجن افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

 وزیر کے مطابق ایک لاکھ 93 ہزار افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچا دیا گیا ہے۔ بھارت کی مشرقی ریاست میں کل اکیس لاکھ کے قریب لوگ متاثر بتائے گئے ہیں۔ اڑیسہ کے ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کے وزیر سوریا نارائن پترا نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ریاستی حکام نے کل تیس اضلاع کو سیلاب سے متاثرہ قرار دے دیا ہے۔ ان اضلاع کی حدود میں واقع چار ہزار سے زائد دیہات  سیلابی پانی کی زد میں ہیں۔ ان میں سے تیرہ سو دیہات مکمل طور پر دوسرے علاقوں سے کٹ کر رہ گئے ہیں۔

Asien Überflutungen Indien
بھارتی ریاست میں سیلاب سے لاکھوں لوگ متاثر ہیںتصویر: AP

اڑیسہ میں بے گھری کا شکار ہونے والے افراد نے سیلابی پانی سے بچنے کی خاطر بڑی سڑکوں کے کنارے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ کئی مقامات پر سیلاب کی وجہ سے لوگ اپنا ضروری مال اسباب لے کر اپنے اپنے گھروں کی چھتوں پر بیٹھے ہیں۔ سیلابی پانی کی زد میں آئے ہوئے دیہات میں کھڑی فصلیں بھی تباہی کا شکار ہوئی ہیں۔

ریاست اڑیسہ کے ریلیف کمشنر پردیپ کمار موہاپترا کے مطابق متاثرین کے لیے حکومت نے 300 کے قریب امدادی مرکز قائم کردیے ہیں۔ ہنگامی امداد کے ان مراکز پر چوبیس گھنٹے متاثرین کے لیے کارکن موجود رہیں گے۔ ریلیف کمشنر کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیلابی پانی میں پھنسے افراد کو ہیلی کاپٹرز سے بھی خوراک فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارت کے ہمسایہ ملک پاکستان میں مون سون کی بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب میں پونے تین سو کے قریب لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں