بولیویا کی ’چولیتا‘ خواتین کے کُشتی مقابلے
بولیویا کی چولیتا خواتین ریسلنگ کے مقابلوں کے حوالےسے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ ان کے منفرد اور رنگا رنگ لباس ان کی پہچان ہیں۔ ان خواتین کے مابین ہونے والے دلچسپ مقابلوں کی روایت کے بارے میں جانیے اس پکچر گیلری میں۔
ایل آلٹو میں کُشتی کا ایک مقابلہ
چولیتا خواتین بولیویا کے شہر ایل آلٹو میں کُشتی کا ایک مقابلہ کر رہی ہیں۔ بھاری لباس اور تہہ دار اسکرٹ میں ملبوس خاتون اپنی حریف پرحملہ کررہی ہے۔ تماشائی حیران ہیں لیکن اسی اثناء میں متاثرہ کھلاڑی اٹھ کھڑی ہوتی ہے اور اپنے اوپر پے در پے حملے کرنے والی حریف پر جوابی حملہ کرتی ہے۔ تماشائی خوب خوش ہوتے ہیں، تالیوں اور نعروں سے فاتح کھلاڑی کو داد دیتے ہیں۔
لڑنے والی چولیتا خواتین
انہیں لڑنے والی چولیتا خواتین کہا جاتا ہے۔ یہ ایل آلٹو میں کئی سو تماشائیوں کے سامنے ہفتے میں دو مرتبہ ریسلنگ کرتی ہیں۔ ایک سیاح کے لیے شاید یہ سب کچھ کسی ڈرامے جیسا معلوم ہو لیکن ان خواتین کے مابین کُشتی کے ان مقابلوں کی تاریخ کافی پرانی ہے۔
چولیتا خواتین پر پابندیاں
کچھ سال قبل تک ان خواتین کو، جنہیں ان کے مخصوص لباس سے پہچانا جاتا ہے، ریستورانوں، ٹیکسیوں اور یہاں تک کہ عوامی بسوں پر بھی سفر کرنے کی اجازت نہ تھی۔ کئی نسلوں تک انہیں بولیویا کے دارالحکومت لاپاز کے بہتر سمجھے جانے والے مقامات میں داخل ہونے کی اجازت نہ تھی۔
ایل آلٹو
ایل آلٹو سطح سمندر سے 4000 میٹر بلندی پر واقع ہے۔ ان چولیتا خواتین کی کُشتی کو دیکھنے مقامی افراد سمیت کئی سیاح اس شہر کا رخ کرتے ہیں۔ ایل آلٹو بولیویا کے دارالحکومت لاپاز کے قریب ہی واقع ہے۔
لڑائی کا ہال
مقامی افراد ان چولیتا خواتین کی لڑائی کو ہال میں سیمنٹ سے بنی نشستوں پر بیٹھ کر دیکھتے ہیں۔ یہ لوگ تقریباﹰ ایک امریکی ڈالر کا ٹکٹ خریدتے ہیں جبکہ سیاحوں کے لیے ٹکٹ کی قیمت دس گنا زیادہ ہے۔ سیاحوں کی نشستیں ریسلنگ رنگ کے قریب ہیں، انہیں کھانے پینے کی اشیاء بھی دی جاتی ہیں اور ایک عدد مقامی تحفہ بھی۔
ہنستی مسکراتی چولیتا خواتین
جیسے ہی کومنٹیٹر اگلی لڑائی کا اعلان کرتا ہے، لاؤڈ اسپیکرز سے میوزک بجتا ہے۔ ہنستی مسکراتی چولیتا خواتین رنگ برنگے ملبوسات، ٹوپیاں اور شال پہنے ہال میں داخل ہوتی ہیں۔ وہ اپنے شائقین کے قریب جا کر ڈانس کرتی ہیں، جو تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
زیادہ رنگوں والے ملبوسات
چولیتا خواتین زیادہ بہادر اور طاقتور لگنے کے لیے زیادہ رنگوں والے ملبوسات پہنتی ہیں۔ بھاری جسامت اور بھاری اسکرٹس کے باوجود ان کے جسم کافی لچکدار ہیں، جس کا وہ ریسلنگ رنگ میں خوب استعمال کرتی ہیں۔
چولیتا ہسپانوی لفظ ’چولو‘ سے نکلا ہے
کہا جاتا ہے کہ چولیتا ہسپانوی لفظ ’چولو‘ سے نکلا ہے، جس کا مطلب مخلوط النسل ہے۔ یہ ایک حقارت سے استعمال کیا جانے والا لفظ تھا، جو ان مقامی افراد کے لیے استعمال ہوتا ہے، جن میں ہسپانوی خون شامل ہے۔
ریفری کا کردار
لا ہورٹیکا تماشائیوں سے شکایت کر رہی ہے کہ ریفری اس کی حریف جوآنیٹا کی طرف داری کر رہا ہے۔
ریفری کو سزا
سونیا لا ہورٹیکا کی مدد کو آتی ہے اور اتیلا نامی ریفری کو لا ہورٹیکا کی حریف کی طرف داری کرنے کے جرم کی سزا ملتی ہے۔