1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ہینوور نے مائنز کو شکست دے دی

14 نومبر 2010

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا میں ہفتے کے روز کھیلے گئے ایک اہم میچ میں ہینوور نے مائنز کو شکست دے کر اسے اس لیگ میں دوسری پوزیشن سے محروم کر دیا۔

https://p.dw.com/p/Q84S
تصویر: AP

ہفتے کی شام کھیلے گئے اس میچ میں ہینوور نے مائنز کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ اس شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم سات پوائنٹس کے واضح فرق سے تاحال سرفہرست ہے جبکہ دوسرے نمبر پر اب لیورکوزن کی ٹیم آ گئی ہے۔

Bundesliga 12. Spieltag 1. FSV Mainz 05 - Hannover 96 Flash-Galerie
ہینوور نے مائنز کے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دیتصویر: dapd

ہینوور کی طرف سے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول کھیل کے پہلے ہاف کے اختتام سے چند ہی منٹ قبل Sergio Pinto نے کیا۔ بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن کے آغاز پر عہد ساز کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مائنز کی ٹیم کی فیڈرل لیگ میں یہ مسلسل تیسری ناکامی تھی۔ جرمن کپ سے باہر ہونے اور بنڈس لیگا میں مسلسل ناکامیوں کی وجہ سے مائنز کے کوچ تھامس ٹُوخیل اب خاصی تنقید کی زد میں ہیں۔ اس ناکامی کے بعد لیگ میں لیورکوزن اور مائنز گو کہ 24 پوائنٹس کے ساتھ برابر ہیں تاہم بہتر گول اوسط کی بنا پر لیورکوزن دوسرے جبکہ مائنز کی ٹیم تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔

اس میچ کی خاص بات دوسرے ہاف میں ہینوور کے دفاعی کھلاڑی Cherundolo کو دوسری مرتبہ پیلا کارڈ دکھا کر مقابلے سے باہر کیا جانا تھا، جس کے بعد ہینوور کی ٹیم کو مائنز کا مقابلہ صرف دس کھلاڑیوں کے ساتھ کرنا پڑا، تاہم مائنز کی ٹیم اس کا کوئی فائدہ نہ اٹھا سکی۔ اس فتح کے بعد ہینوور کی ٹیم اب جرمن قومی لیگ میں پانچویں پوزیشن پر آ گئی ہے۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے ایک دوسرے میچ میں لیورکوزن نے سینٹ پاؤلی کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔ لیورکوزن کی طرف سے میچ کے 81 ویں منٹ میں Renato Augusto نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک قائم رہی۔ ایک اور مقابلے میں فیڈرل لیگ میں چوتھے نمبر کی ٹیم فرینکفرٹ کا بریمن کی ٹیم کے ساتھ مقابلہ برابر رہا۔

Fussball Bundesliga FC St. Pauli Bayer 04 Leverkusen
لیورکوزن اور سینٹ پاؤلی کے میچ کا ایک منظرتصویر: dapd

بنڈس لیگا کے 12 ویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہفتے کے روز ہونے والے دیگر میچوں میں کائزرز لاؤٹرن اور شٹٹ گارٹ کا مقابلہ تین تین گول سے برابر رہا۔ کولون کو مؤنشن گلاڈباخ نے چار صفر سے شکست دی جبکہ وولفس برگ اور شالکے کا مقابلہ دو دو گول سے بے نتیجہ ہی ختم ہوا۔

آج اتوار کے روز دو میچ کھیلے جا رہے ہیں۔ ہوفن ہائم کا مقابلہ فرائی برگ کی ٹیم سے ہو رہا ہے جبکہ دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کی ٹیم نیورمبرگ کے مد مقابل ہو گی۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں