1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ نے ہیمبرگ کو شکست دے دی

13 نومبر 2010

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے 12ویں میچ ڈے کے پہلے روز لیگ کی پہلے نمبر کی ٹیم ڈورٹمنڈ نے ہیمبرگ کو صفر کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/Q7fa
تصویر: picture-alliance/dpa

جمعے کے روز کھیلے گئے اس میچ میں ڈورٹمنڈ کی طرف سے دونوں گول کھیل کے دوسرے ہاف میں کئے گئے۔ ڈورٹمنڈ کی طرف سے پہلا گول جاپان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی شنجی کاگاوا نے کیا جبکہ دوسرا گول لوکاس باریوز نے کیا۔ اس میچ کو دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی تعداد 80 ہزار سے زائد تھی۔

Fußball Bundesliga Borussia Dortmund Hamburger SV
ڈورٹمنڈ کی طرف سے پہلا گول کرنے والے شنجی کاگاواتصویر: AP

اس فتح کے ساتھ ڈورٹمنڈ کی ٹیم اب فیڈرل لیگ میں سات پوائنٹس کے واضح فرق سے دوسرے نمبر کی ٹیم مائنز سے بہت آگے ہے۔ میچ میں جاری ڈیڈ لاک کا خاتمہ کھیل کے دوسرے ہاف کے آغاز کے چار منٹ بعد جاپانی مِڈ فیلڈر کاگاوا نے ڈورٹمنڈ کو ایک گول کی برتری دلا کر کیا۔ کھیل کے 70 ویں منٹ میں باریوز نے گول کر کے ڈورٹمنڈ کی برتری کو اور بھی مستحکم کر دیا جو کھیل کے اختتام تک قائم رہی۔

فیڈرل لیگ میں باریوز کا مجموعی طور پر یہ ساتواں گول تھا جبکہ اس میچ میں گول کر کے کاگووا نے اپنے مجموعی گولوں کی تعداد چھ کر لی۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے اب تک کھیلے گئے 12 میچوں میں سے دس میں کامیابی حاصل کی ہے اور مجموعی طور پر اس کے پوائنٹس کی تعداد 31 ہو گئی ہے۔

لیگ میں اب تک دوسرے نمبر کی ٹیم مائنز کے 24 پوائنٹس ہیں اور وہ آج ہفتہ کو اپنا میچ ہینوور کے خلاف کھیل رہی ہے۔ لیگ میں تیسرے نمبر کی ٹیم لیورکوزن آج ہی ایک میچ میں سینٹ پاؤلی کی ٹیم کا مقابلہ کرے گی۔ بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کی ٹیم اس وقت نویں پوزیشن پر ہے اور اس کا میچ اتوار کے روز لیگ میں چھٹے نمبر کی ٹیم نیورمبرگ سے ہو گا۔

Fußball Bundesliga SC Freiburg gegen FSV Mainz 05 Flash-Galerie
آج مائنز کی ٹیم اپنا میچ ہینوور کے خلاف کھیل رہی ہےتصویر: dapd

آج ہفتے کے روز کھیلے جانے والے دیگر میچوں میں کائزرز لاؤٹرن کی ٹیم شٹٹ گارٹ کے مد مقابل آ رہی ہے۔ وولفس برگ کی ٹیم کا میچ شالکے سے ہے جبکہ بریمن کی ٹیم فرینکفرٹ کا سامنا کر رہی ہے۔ اتوار کے روز ہوفن ہائم کا مقابلہ فرائی برگ سے جبکہ بائرن میونخ کا میچ نیورمبرگ سے ہو رہا ہے۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں