1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ نے فرینکفرٹ کو پہلے درجے سے باہر کر دیا

15 مئی 2011

جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کے 34 ویں میچ ڈے کے ایک میچ میں سیزن کی چیمپیئن ڈورٹمنڈ نے فرینکفرٹ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر لیگ کے پہلے درجے سے بے دخل کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11GG8
تصویر: dapd

فرینکفرٹ کی ٹیم کی طرف سے میچ جیتنے کی سرتوڑ کوشش کی گئی۔ سباستیان توڈے نے فرینکفرٹ کو ایک گول کی برتری بھی دلائی تاہم ڈورٹمنڈ کی طرف سے لوکاس باریوس نے دو گول کر کے نہ صرف یہ برتری ختم کی بلکہ ڈورٹمنڈ کو فتح کی راہ پر ڈال دیا۔ ڈورٹمنڈ کی طرف سے تیسرا گول Marco Russ نے کیا۔

اس شکست کے بعد لیگ میں 17 ویں پوزیشن پر پہنچ جانے والی فرینکفرٹ کی ٹیم کو اب اگلا سیزن بنڈس لیگا کے دوسرے درجے میں کھیلنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ لیگ میں آخری دو پوزیشنوں یعنی 17ویں اور 18 ویں نمبر پر آنے والی ٹیمیں بنڈس لیگا ون سے باہر ہو جاتی ہیں، جبکہ بنڈس لیگا ٹو سے دو ٹیمیں پہلے درجے کی قومی لیگ میں شامل ہوتی ہیں۔ اسی طرح 16 نمبر پر آنے والی ٹیم کو پہلے درجے کی بنڈس لیگا میں برقرار رہنے کے لیے پلے آف مرحلے سے گزرنا پڑتا ہے۔

Deutschland Fußball Bundesliga Borussia Dortmund gegen Eintracht Frankfurt
فرینکفرٹ کی ٹیم بنڈس لیگا کے پہلے درجے سے خارج ہو گئی ہےتصویر: dapd

ایک اور میچ میں لیورکوزن نے فرائی برگ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر لیگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ چیمپیئنز لیگ میں بھی اپنی جگہ بنا لی ہے۔ بنڈس لیگا کی پہلی اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں چیمپیئنز لیگ کھیلنے کی اہل ہو جاتی ہیں۔

بائرن میونخ نے ہفتے کے روز کھیلے گئے ایک میچ میں شٹٹ گارٹ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر لیگ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ بنڈس لیگا میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم بھی چیمپیئنز لیگ میں شریک ہو سکتی ہے، تاہم اس کے لیے اسے کوالیفائنگ مرحلے سے گزرنا پڑتا ہے۔ پچھلے سیزن میں بائرن میونخ بنڈس لیگا کی چیمپیئن بنی تھی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امتیاز احمد