1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ڈورٹمنڈ بدستور پہلی پوزیشن پر

28 نومبر 2010

بنڈس لیگا کے 14ویں میچ ڈے میں میونشن گلاڈباخ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر بوروسیا ڈورٹمنڈ نے لیگ میں سات پوائنٹس کے فرق سے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

https://p.dw.com/p/QK9v
تصویر: dapd

ہفتے کی شام کھیلے گئے میچ میں میونشن گلاڈباخ نے کھیل کے پہلے ہاف کے 33 ویں منٹ میں ڈورٹمنڈ پر ایک گول کی سبقت لے لی تاہم پہلے ہاف کے اختتام سے چند ہی لمحےپہلے ڈورٹمنڈ کی طرف سے نیفین زوبوٹِک نے گول کر کے یہ برتری ختم کردی۔

دوسرے ہاف کے ساتویں منٹ میں شنجی کاواگا نے ڈورٹمنڈ کے لئے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی کی جانب گامزن کیا۔ گلاڈباخ کی ٹیم نے یہ برتری ختم کرنے کے لئے خاصا جارحانہ کھیل پیش کیا مگر اسے بال ڈورٹمنڈ کے گول میں پھینکنے میں ناکامی ہی رہی۔ ڈورٹمنڈ کی برتری اس وقت مزید بڑھ گئی، جب کھیل کے 77 ویں منٹ میں کیون گروسکروٹس نے ایک اور گول کر دیا۔ لوکاس باریوس نے کھیل کے اختتام سے چند منٹ قبل ڈورٹمنڈ کی طرف سے چوتھا گول کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنا دیا۔

بنڈس لیگا کے موجودہ سیزن میں ڈورٹمنڈ کی یہ مسلسل پانچویں کامیابی ہے۔ اس کامیابی کے بعد ڈورٹمنڈ 37 پوائنٹس کے ساتھ لیگ چارٹ پر بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔ لیگ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرا نمبر مائنز کا ہے، جس کے 30 پوائنٹس ہیں۔ جمعہ کو مائنز نے نیورمبرگ کو شکست دے کر لیگ میں ایک مرتبہ پھر دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

Flash-Galerie Fussball 1. Bundesliga 14. Spieltag 1. FSV Mainz 05 - 1. FC Nürnberg
دوسرے نمبر پر مائنز کی ٹیم ہےتصویر: dapd

ہفتے کے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں کائزرز لاؤٹرن نے شالکے کو پانچ صفر کے واضح فرق سے شکست دی۔ دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ نے فرینکفرٹ کو چار ایک سے ہرایا جبکہ ہیمبرگ کی ٹیم نے شٹٹ گارٹ کو چار دو سے شکست دی۔ ایک اور میچ میں ہینوور نے فرائی برگ کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست سے دوچار کیا جبکہ لیگ چارٹ میں تیسرے نمبر کی ٹیم لیورکوزن اور ہوفن ہائم کا مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا۔

لیورکوزن کی ٹیم اس میچ کے ڈرا ہونے کے باوجود 26 پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔ چوتھے نمبر پر ہینوور کی ٹیم ہے، جس کے 25 پوائنٹس ہیں۔ دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ اس فتح کے بعد اب پانچویں پوزیشن پر آ گئی ہے۔ بائرن میونخ نے اب تک کھیلے گئے اپنے 14 میچوں میں سے چھ میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس کے 23 پوائنٹس ہیں۔

آج اتوار کے روز دو مقابلے ہوں گے۔ سینٹ پاؤلی ٹیم بریمن کے مدمقابل ہے جبکہ کولون کا مقابلہ وولفس برگ کی ٹیم سے ہو رہا ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں