بنڈس لیگا میں لیورکوزن کی پوزیشن کو خطرہ
28 فروری 2010بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت اوّل نمبر ٹیم بائر لیور کوزن ہے، جو ہفتہ کو، کولون کے خلاف میچ جیتنے میں ناکام رہی۔ دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں اور مقابلہ بے نتیجہ رہا۔ تاہم اس کا زیادہ نقصان لیور کوزن کو ہوا۔ یہ میچ جیت کر وہ اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم بنا سکتی تھی۔
لیور کوزن کے پاس 50 پوائنٹس ہیں۔ بائرن میونخ 49 پوائنٹس کے ساتھ اس سے ایک ہی پوائنٹ پیچھے دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ تیسرے نمبر پر 48 پوائنٹس کے ساتھ شالکے ہے۔
چوتھے نمبر پر ہیمبرگ اور پانچویں پر ڈورٹمنڈ ہے۔ چھٹی پوزیشن بریمن کے پاس ہے جبکہ ساتویں فرینکفرٹ کو حاصل ہے۔ آٹھویں نمبر پر شٹٹ گارٹ، نویں پر ہوفن ہائیم اور دسویں پر مائنز ہے۔
بنڈس لیگا کے حالیہ میچ ڈے میں ہفتہ کو کھیلے گئے میچز میں سے تین بے نتیجہ رہے۔ لیورکوزن اور کولون کے علاوہ بوخم اور نیورنبرگ کے درمیان میچ بھی بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ جبکہ میونشن گلاڈباخ اور فرائی بُرگ کے درمیان میچ ایک ایک گول کی برابری پر اختتام پزیر ہوا۔ دیگر مقابلوں میں ہوفن ہائیم نے برلن کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ بریمن نے مائنز کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ شٹٹ گارٹ نے فرینکفرٹ کے خلاف میچ دو ایک سے جیت لیا۔ اتوار کو میچ ڈے کے آخری روز دو مقابلے ہو رہے ہیں۔
جمعہ کو اس میچ ڈے کا پہلا شالکے اور ڈورٹمنڈ کے درمیان ہوا۔ جو شالکے نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔
رپورٹ: ندیم گل
ادارت: افسر اعوان