بنڈس ليگا: بائرن ميونخ 2013ء کے اختتام پر سر فہرست
15 دسمبر 2013بنڈس لیگا کے 16 میچ ڈے کے دوسرے دن ہفتے کو ميونخ ميں کھيلے گئے اس ميچ ميں اگرچہ ميزبان ٹيم کو چند اہم کھلاڑيوں کی خدمات حاصل نہيں تھيں اور اسی وجہ سے اسے ابتداء ميں کچھ دشواريوں کا سامنا بھی کرنا پڑا تاہم ميچ کے اختتام پر نتيجہ تين۔ايک سے بائرن کے حق ميں رہا۔ بائرن ميونخ نے يہ ميچ با آسانی جيت ليا۔ يوں بنڈس ليگا کے موسم سرما کے وقفے کے آغاز سے قبل اپنے آخری ميچ ميں کاميابی حاصل کرتے ہوئے بائرن نے سولہ ميچوں ميں اب چواليس پوائنٹس حاصل کر ليے ہيں اور اسے پوائنٹس ٹيبل پر اپنی قريب ترين حريف دوسرے نمبر پر براجمان ٹيم پر سات پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔
يہ بات قابل ذکر ہے کہ موسم خزاں کی چیمپئن بائرن ميونخ نے بنڈس ليگا کے رواں سیزن کے دوران کوئی بھی ميچ نہيں ہارا۔ پيپ گارڈيولا کی يہ ٹيم اب اکتاليس ميچوں سے ناقابل شکست ہے، جو بنڈس ليگا کا ايک نيا ريکارڈ ہے۔ بائرن ميونخ کی ٹيم آئندہ ہفتے کلب ورلڈ کپ ميں شرکت کے سلسلے ميں مراکش جائے گی۔
دريں اثناء ہفتے کے روز بنڈس ليگا ميں ہينور اور نيورمبرگ کے درميان کھيلا گيا ايک اور ميچ برابر رہا۔ اس ميچ ميں قريب اسی منٹ تک نيورمبرگ نے تين گول کر رکھے تھے اور ايسا لگ رہا تھا کہ نيورمبرگ کی ٹيم يہ ميچ با آسانی جيت لے گی۔ تاہم ہينور کی ٹيم نے آخری دس منٹ ميں تين گول اسکور کرتے ہوئے ڈرامائی انداز سے اس ميچ کا نتيجہ بدل ڈالا اور یہ ميچ تين۔تين کے اسکو پر ختم ہوا۔
ہفتے کو ايک اور ميچ ڈورٹمنڈ اور ہوفن ہائم کے درميان کھيلا گيا، جس ميں دونوں ٹيموں نے دو دو گول اسکور کيے۔ اسی دوران وولفس برگ نے اپنی ميزبانی ميں کھيلے گئے ايک اور ميچ ميں اشٹٹ گارٹ کو تين ايک سے مات دی۔ مائنز اور مؤنشن گلاڈباخ کے درميان ميچ بغير کسی گول کے برابر رہا۔ اس سے قبل جمعے کے روز ايک ميچ کھيلا گيا، جس ميں برلن نے بريمن کی ٹيم کو تين کے مقابلے ميں دو گول سے شکست دی۔
اتوار کو بنڈس ليگا کے رواں سيزن ميں اس سال کے آخری دو ميچ کھيلے جائيں گے، جن ميں بائر ليور کوزن کا سامنا فرينکفرٹ سے ہوگا جبکہ شالکے اور فرائی برگ کی ٹيميں ايک دوسرے کے خلاف ميدان ميں اتريں گی۔ بنڈس ليگا ميں اس وقت چواليس پوائنٹس کے ساتھ بائرن ميونخ پہلی پوزيشن پر ہے جبکہ بائر ليور کوزن سينتيس پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور ڈورٹمنڈ بتيس پوائنٹس کے ساتھ تيسری پوزيشن پر ہے۔