1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بفر زون نہيں بنيں گے: سربيا، بلغاريہ اور رومانيہ کا اعلان

عاصم سليم24 اکتوبر 2015

بلغاريہ کے وزير اعظم نے اعلان کيا ہے کہ بلغاريہ، سربيا اور رومانيہ مہاجرين کے ليے بفر زون نہيں بنيں گے اور اس سلسلے ميں وہ اپنی سرحديں بند کرنے پر تيار ہيں، اگر جرمنی اور ديگر ممالک بھی يہی قدم اٹھائيں تو۔

https://p.dw.com/p/1Gtf4
تصویر: Getty Images/J. Mitchell

بلغاريہ کے وزير اعظم بوئيکو بوريسوف نے اعلان کيا، ’’ہم تيار کھڑے ہيں، اگر جرمنی اور آسٹريا اپنی سرحديں بند کريں اور ہمارے ممالک کو بفر زون نہ بننے ديں۔ ہم اپنی بيرونی سرحديں بند کرنے کو تيار ہيں۔‘‘ بوريسوف نے يہ اعلان اسی موضوع پر اتوار کو ہونے والی يورپی يونين کی ايک اہم سمٹ سے ايک روز قبل ہفتہ چوبيس اکتوبر کو دارالحکومت صوفيہ ميں اپنے سربیا اور رومانیہ کے ہم منصبوں کے ساتھ مذاکرات کے بعد کيا۔

يورپی کميشن کے صدر ژاں کلود ينکر نے اتوار کو چند يورپی سربراہان کا ايک غير معمولی اجلاس طلب کيا ہے، جس ميں مغربی بلقان رياستوں ميں مہاجرين کی دن بدن بڑھتی تعداد کے مسئلے کا حل تلاش کيا جانا ہے۔ کميشن کی طرف سے جاری کردہ ايک حاليہ بيان کے مطابق ينکر نے اس اجلاس ميں بلغاريہ، آسٹريا، کروشيا، مقدونيہ، جرمنی، يونان، ہنگری، رومانيہ، سربيا اور سلووينيا کے رہنماؤں کے علاوہ خطے ميں سرگرم متعدد امدادی تنظيموں کو شرکت کی دعوت دی ہے۔ اس سربراہی اجلاس ميں ايسی مشترکہ حکمت عملی کا تعين کيا جانا ہے،جس پر فوری عملدرآمد کے ذریعے مسئلے کا حل ممکن ہو۔ يہ اجلاس ايک ايسے وقت ہو رہا ہے جب ہنگری کی جانب سے اپنی سرحد بند کرنے کے حاليہ اقدام کے نتيجے ميں مغربی بلقان رياستوں ميں ہزارہا پناہ گزين يورپی خزاں کے سرد موسم ميں سڑکوں پر خيمے ڈالے بيٹھے ہيں۔

دريں اثناء يورپ کے متعدد ممالک ميں مہاجرين کے خلاف پر تشدد واقعات ميں اضافہ ريکارڈ کيا جا رہا ہے۔ دو روز قبل ہی جرمنی ميں مہاجرين کے کيمپوں کو نذر آتش کرنے سے متعلق ايک منصوبے کو ناکام بنا ديا گيا۔ سويڈش پوليس نے بھی اعلان کيا ہے کہ ہجرت کے پس منظر والے متعدد بچوں کے ايک اسکول پر چاقو کے حملے کے پيچھے ’نسل پرست‘ سوچ کار فرما تھی۔ شام، عراق، افغانستان اور شمالی افريقہ کے شورش زدہ ممالک سے رواں سال اب تک قريب 670,000 پناہ گزين يورپ پہنچ چکے ہيں، جن کی اکثريت يورپ کی سب سے بڑی معيشت کے حامل ملک جرمنی پہنچ رہی ہے۔

بلغاريہ کے وزير اعظم نے اعلان کيا ہے کہ بلغاريہ، سربيا اور رومانيہ مہاجرين کے ليے بفر زون نہيں بنيں گے
بلغاريہ کے وزير اعظم نے اعلان کيا ہے کہ بلغاريہ، سربيا اور رومانيہ مہاجرين کے ليے بفر زون نہيں بنيں گےتصویر: dpa

ادھر ايمنسٹی انٹرنيشنل نے تنبيہ کی ہے کہ اگر اس اتوار کو ہونے والی سمٹ ميں فريقين مہاجرين کے بلقان رياستوں والے روٹ سے منسلک مسائل کے حل کے ليے کسی قابل عمل منصوبے پر اتفاق نہ کر پائے، تو کسی بڑے انسانی الميے سے بچنا مشکل ہو جائے گا۔ انسانی حقوق کی اس تنظيم کی سلووينيا ميں قائم شاخ کی جانب سے جاری کردہ ايک بيان ميں بتايا گيا ہے کہ مغربی يورپ پہنچنے کے خواہاں پناہ گزين اب بھی کھلے آسمان تلے سو رہے ہيں اور جيسے جيسے يورپ ميں سردی بڑھتی جا رہی ہے صورتحال مزيد خراب ہوتی جا رہی ہے۔ گروپ کے مطابق پچيس اکتوبو کو برسلز ميں ہونے والے سربراہی اجلاس کا نتيجہ خير ہونا لازمی ہے۔