1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’ایک عظیم یورپی ہم سے جدا ہو گیا‘‘، اولانڈ

عاطف توقیر10 نومبر 2015

سابق جرمن چانسلر ہیلموٹ شمٹ کے انتقال پر یورپی رہنماؤں کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ نے کہا کہ یورپ نے ایک عظیم شخص کھو دیا۔

https://p.dw.com/p/1H3cR
Deutschland Altkanzler Helmut Schmidt auf Intensivstation
تصویر: picture alliance/dpa/C. Charisius

منگل کے روز 96 برس کی عمر میں انتقال کر جانے والے ہیلموٹ شمٹ کئی اعتبار سے جرمنی اور یورپ بھر میں ایک مقبول اور معزز شخصیت تھے۔ 70 کی دہائی میں انہوں نے جرمنی میں داخلی دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کئے اور دوسری جانب سرد جنگ کی کشیدگی اور مالیاتی مشکلات کے دور میں جرمنی کو سنبھالے رکھا۔

جرمن ہفت روزے ڈی سائٹ، جس کے شمٹ معاون ناشر بھی تھے، نے ایک بیان میں ہیلموٹ شمٹ کے انتقال کی تصدیق کی۔

سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما ہیلموٹ شمٹ سن 1974 سے 1982 تک مغربی جرمنی (تب) کے چانسلر رہے۔ چانسلر وِلی برانٹ کے مستعفی ہو جانے پر انہیں چانسلر منتخب کیا گیا تھا۔ شمٹ نے چانسلر بننے سے قبل دفاع، خزانہ اور اقتصادیات کے وزیر کے طور پر کام کر رکھا تھا اور یہی وجہ تھی کہ ان کے تجربے نے انہیں بڑے فیصلے کرنے میں آسانی مہیا کی۔

Deutschland Bundeskanzler Helmut Schmidt Kanzleramt Bonn
شمٹ نے بڑے فیصلوں اور عملی اقدامات سے جرمنی کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھاتصویر: picture-alliance/dpa

فرانسوا اولانڈ نے اس خبر پر اپنے ردعمل میں کہا، ’’جب وہ چانسلر تھے تو انہوں نے ایک بحث کے لیے میدان ہموار کر دیا ،جسے بعد میں فرانسیسی صدر فرانسوا متراں اور جرمن چانسلر ہیلموٹ کوہل نے زندہ رکھا۔ یہی بحث یورپی یونین کی بنیاد بنی۔‘

اولانڈ نے کہا کہ شمٹ نے ہمیشہ اقتصادیات کو تحریک دی اور سماجی بہبود کی جہت پر بھی کاربند رہے۔ ’’وہ ایک ایسی شخصیت تھے، جو اپنی آخری سانس تک جانتے تھے کہ جرمنوں کو کیسے کوئی بات سمجھانا ہے اور خصوصاﹰ کیسے انہیں بتانا ہے کہ انہیں یورپ کے اندر ایک خاص کردار نبھانا ہے۔‘‘

یورپی یونین کی پارلیمان کے صدر مارٹن شُلز کا کہنا ہے، ’’میں نے اپنا ایک دوست اور رول ماڈل کھو دیا، جس سے میں نے بہت کچھ سیکھا، جس نے میری سیاسی زندگی کو کئی اعتبار سے نئی جہتیں دیں۔‘‘

ہیلمٹ شمٹ کی وفات پر جرمنی میں تمام جماعتوں کے سیاست دانوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ جرمن صدر یوآخم گاؤک نے شمٹ کی رحلت پر کہا کہ وہ ایک باعمل انسان تھے۔ ’وہ بہت واضح اور براہ راست انداز میں بات کرتے تھے۔‘ انہوں نے مزید کہا، ’ہم دوسری عالمی جنگ کے سب سے اہم ترین سیاست دانوں میں سے ایک کا غم منا رہے ہیں۔‘

چانسلر انگیلا میرکل نے بھی شمٹ کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بین الاقوامی تعلقات کے اعتبار سے ہر سیاست دان سے بڑھ کر تھے۔

جرمن سیاسی جماعت ایس پی ڈی کے سربراہ اور نائب چانسلر زِگمار گابریل کا کہنا ہے، ’وہ ایک غیرمعمولی چانسلر تھے۔ جماعتی بنیادوں سے بالا تر ہو کر تمام سیاست دان اُن کی عزت اور احترام کرتے تھے۔ ان کے مشورے میں ہمیشہ یاد کرتا رہوں گا۔‘‘

جرمن نشریاتی ادارے سے بات چیت میں ان کا مزید کہنا تھا، ’’ہم ان کے جانے کا دکھ کرتے رہیں گے اور اس بات پر فخر بھی کرتے رہیں گے کہ ہم انہی کی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں۔‘‘