ایپل کے اسٹیو جابز نے کیسے دُنیا ہی بدل ڈالی!
6 اکتوبر 2011گرافکس پر مشتمل اسکرین والا پرسنل کمپیوٹر
ایک طویل عرصے تک کمپیوٹرز کو سیاہ اسکرین پر مختلف طرح کی علامات اور حروف ٹائپ کرتے ہوئے آپریٹ کیا جاتا رہا۔ 1976ء میں اپنے قیام کے بعد ایپل پہلے ادارے کے طور پر رنگین گرافکس کا حامل ایپل ٹو بازار میں لے کر آیا۔ آج کل مینو اور ایک ونڈو میں مختلف پروگرام کھولنے کے لیے استعمال ہونے والا روایتی طریقہ سب سے پہلے ایپل نے 1983ء میں اپنے کمپیوٹر ایپل لیزا کے ذریعے متعارف کروایا تھا۔ یہ مائیکرو سوفٹ ونڈوز کی طرف سے ونڈوز متعارف کروائے جانے سے بھی دو سال پہلے کا قصہ ہے۔ 1984ء میں جابز نے ایپل میکنٹاش متعارف کروایا، جو گرافیکل یُوزر انٹرفیس والا پہلا کامیاب کاروباری کمپیوٹر تھا۔
کارٹون فلموں کا نیا دور
80ء کے عشرے کے اوائل میں اسٹیو جابز نے ’سٹار وارز‘ سیریز کی فلمیں تخلیق کرنے والے جارج لوکاس سے دَس ملین ڈالر کے عوض کمپیوٹر گرافکس کا شعبہ خرید لیا، جو بعد میں Pixar اینی میشن اسٹوڈیو کی شکل اختیار کر گیا۔ برسوں کی سخت محنت، کسی کاروباری کامیابی کے بغیر اور مزید دَس ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے بعد 1995ء میں جابز نے کمپیوٹر کی مدد سے تخلیق کیے گئے کارٹون کرداروں پر مبنی فلم ’ٹوائے گیمز‘ کے ذریعے ایک نئی منڈی کی بنیاد ڈالی۔ 2006ء میں جابز نے اپنی کمپنی Pixar ڈزنی کو فروخت کر دی اور ارب پتی بن گئے۔
آئی پوڈ پلیئر اور میوزک ڈاؤن لوڈ
جب جابز نے 2001ء میں میوزک پلیئر آئی پوڈ متعارف کروایا تو بہت سے حلقوں نے اُس کا مذاق بھی اڑایا۔ iPod اپنی ہی طرح کے دیگر آلات سے کہیں زیادہ مہنگا ہونے کے باوجود بہت ہی جلد بازار میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے میوزک پلیئر کی حیثیت اختیار کر گیا۔ 2003ء میں ایپل نے iTunes کے نام سے ایک آن لائن شاپ شروع کی، جس کے نتیجے میں ایپل دُنیا بھر میں موسیقی فروخت کرنے والا دُنیا کا سب سے بڑا کاروباری ادارہ بن گیا۔ بعد ازاں ایپل کی طرف سے کئی فلمیں، سوفٹ ویئر پروگرام اور Apps بھی سامنے آئے۔ iTunes کی کامیابی کا راز یہ تھا کہ اِسے نہ صرف موبائل آلات اور کمپیوٹرز سے منسلک کر دیا گیا تھا بلکہ اس تک ونڈوز کے حامل کمپیوٹرز کے ذریعے بھی رسائی ہو سکتی تھی۔
آئی فون کے ذریعے سمارٹ فونز کی دُنیا میں انقلاب
2007ء میں اسٹیو جابز نے اِس جملے کے ساتھ اپنی کمپنی کا آئی فون متعارف کرویا تھا کہ ’ہم نے نئے سرے سے ٹیلی فون ایجاد کیا ہے‘۔ تب یہ بات مبالغہ آرائی معلوم ہوئی تھی تاہم ٹچ اسکرین والے اس فون نے درحقیقت پورے شعبے کے لیے نئے پیمانے مقرر کر دیے۔ iPhone نے موبائل فونز کی پوری صنعت کو تہہ و بالا کر دیا کیونکہ پہلی مرتبہ خود فون کی بجائے اُس پر انسٹال کیے گئے Apps یا سوفٹ ویئر پروگرام ترجیحی اہمیت اختیار کر گئے تھے۔
آئی پیڈ اور ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی کامیابی
کئی ناکام کوششوں کے بعد ایسا لگتا تھا کہ ٹیبلٹ کمپیوٹر کا ارتقا گویا کسی بند گلی تک پہنچ گیا ہے لیکن پھر 2010ء کے اوائل میں جابز کی جانب سے متعارف کروائے گئے iPad نے تہلکہ مچا دیا۔ اگرچہ کئی اور صنعتی ادارے بھی مختلف طرح کے ٹیبلٹ کمپیوٹرز بازار میں لائے ہیں لیکن عالمی منڈی میں iPad کو بدستور غلبہ حاصل ہے۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: عدنان اسحاق