ایمنسٹی انٹرنیشنل کی بھارت، پاکستان اور چین پر کڑی تنقید
30 جنوری 2020ایشیا سے متعلق اپنی سالانہ رپورٹ میں ایمنسٹی نے دنیا میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے دو ملک بھارت اور چین پر تنقید کی اور کہا ہےکہ دونوں ملکوں میں مذہبی اقلیتیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور حکام انہیں 'قومی سلامتی' کے لیے خطرے کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔
لیکن رپورٹ کے مطابق جوں جوں ان ممالک میں جمہوریت مخالف کارروائیاں بڑھ رہی ہیں، ہانگ کانگ سے لے کر بھارت تک اور برما سے لے کر تھائی لینڈ تک نوجوانوں میں مزاحمت اور احتجاج میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
رپورٹ میں پاکستان میں بھی ماورائے قانون قتل اور جبری گمشدگیوں پر تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ ایمنسٹی نے کہا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کی طرف سے غائب کیے جانے والے شہریوں میں انسانی حقوق کے کارکنان، صحافی اور شیعہ فرقے کے کئی افراد شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکام شہریوں کو 'غداری' اور 'توہین مذہب' کے قوانین کے تحت ریاستی عتاب کا نشانہ بناتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے ایشیائی ممالک میں لوگ انسانی حقوق کے دفاع میں متحرک ہو رہے ہیں۔ ایمنسٹی نے کہا کہ لوگ انصاف چاہتے ہیں اور طاقتور لوگوں کو ان کے اعمال کے لیے جوابدہ ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔