ایران پر مزید امریکی مالی پابندیوں کے بل کی منظوری
1 جنوری 2012ہفتے کے روز امریکی صدر اوباما کے ڈیفنس فنڈنگ بل پر دستخط کے بعد وہ بینک امریکی پابندیوں کا سامنا کریں گے، جن کے ایران کے قومی مرکزی بینک کے ساتھ کاروباری تعلق ابھی تک قائم ہیں۔ پابندیاں نجی اور مختلف ملکوں کے سرکاری بینکوں پر بیک وقت لاگو ہوں گی۔ ان پابندیوں کی تفصیلات ابھی طے کرنا باقی ہیں۔ ان پابندیوں کی شروعات انتباہی عرصے کے بعد ہوں گی۔
انتباہی عرصے یا وارننگ کے لیے ساٹھ سے 180 دن کی مہلت تجویز کی گئی ہے۔ اس قانون کے تحت امریکی صدر کو کسی بھی ملک کے نجی یا قومی بینک کو ایران کے مرکزی بینک کے ساتھ کاروباری تعلقات کو جاری رکھنے کے لیے استثنٰی دینے کا اختیار حاصل ہو گا۔ صدر اس مناسبت سے کانگریس کو مطلع کریں گے۔ یہ چھوٹ بظاہر عبوری مدت کے لیے ہو گی لیکن اس میں توسیع ممکن ہے۔
امریکی صدر نے ڈیفنس فنڈنگ کے بل پر دستخط اپنی تعطیلات کے دوران کیے۔ وہ ان دنوں اپنے خاندان کے ہمراہ امریکی ریاست ہوائی میں تعطیلات پر ہیں۔ امریکی صدر کے دستخط ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ایران آبنائے ہرمز میں نیوی کی مشقوں میں مصروف ہے۔ دوسری جانب ایران نے آج ہفتے کے روز طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے تجربے کو ملتوی کرنے کے علاوہ متنازعہ جوہری پروگرام پر بات چیت شروع کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
امریکی صدر نے ڈیفنس فنڈنگ بل کی کئی شقوں پر تحفظات کا بھی اظہار کیا ہے۔ صدر کا کہنا ہے کہ ان کے بل پر دستخط کرنے سے یہ مراد نہیں کہ وہ اس میں شامل ہر شق کے ساتھ متفق ہیں۔ امریکی صدر نے امریکی فوج کی نگرانی میں قائم گوانتنامو بے جیل سے قیدیوں کی امریکہ یا کسی اور ملک منتقلی پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مناسب انداز میں پلان نہیں کیا گیا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ امریکی صدر کا اشارہ اس امریکی پلان کی جانب ہے، جس کی تفصیلات نیوز ایجنسی روئٹرز نے جاری کی تھیں۔ روئٹرز کے مطابق امریکہ طالبان کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کے لیے پانچ اہم قیدیوں کو افغانستان منتقل کرنے پر رضامند دکھائی دیتا ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: عاطف بلوچ