ایبولا وائرس، گنی میں ایک خصوصی سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ
12 جولائی 2014اسی تناظر میں اس ادارے نے گِنی میں ایک رابطہ دفتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوشش کی جا سکے۔ عالمی ادارہ صحت نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ گنی، لائبیریا اور سیرالیون میں ایبولا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق اس وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 888 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 539 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی اس ایجنسی کے مطابق چھ تا آٹھ جولائی یعنی صرف دو دنوں کے دوران ہی مزید 44 افراد اس وباء کا شکار ہو چکے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ بالخصوص مغربی افریقی ممالک لائبیریا اور سیرالیون میں یہ وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور آئندہ چند ہفتوں کے دوران اس وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے اس وبا پر قابو پانے کے لیے گِنی میں ایک رابطہ دفتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو علاقائی سطح پر کام کرے گا۔
اس سینٹر میں موجود ماہر طبی عملہ متاثرہ علاقوں میں ڈاکٹروں سے رابطے میں رہے گا جبکہ ساتھ ہی مقامی لوگوں کو اس وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے تدابیری مشورے اور مریضوں کو طبی مدد بھی فراہم کرے گا۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق مقامی کمیونیٹٰیز میں غیر ملکی ڈاکٹروں پر بد اعتمادی کی وجہ سے اس وباء پر قابو پانے میں انتہائی مشکلات کا سامنا ہے۔ اس وقت ان علاقوں میں متعدد امدادی ادارے کام میں مصروف ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ روایتی اقدار بھی ایبولا وائرس کے پھیلنے کا باعث بن رہی ہیں۔ مغربی افریقی ممالک میں میتوں کو دفنانے سے قبل چھونے کا رواج بھی اس وائرس پر قابو پانے میں مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق لوگوں کو بتایا گیا ہے کہ وہ اس وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی میتوں کو مت چھوئیں لیکن وہ پھر بھی رسم و رواج نبھانے کے لیے احتیاطی مشوروں کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔
ایبولا وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی بڑی تعداد کا تعلق سیرالیون سے ہے، جہاں رواں ہفتے کے دوران 32 نئے کیسیز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ دیگر پندرہ ہلاک ہو گئے ہیں۔ سیرالیون میں مجموعی طور پر 337 افراد اس وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور 142 اسی وباء کی وجہ سے مارے جا چکے ہیں۔ لائیبریا میں کل 142 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں 88 ہلاک ہوئے ہیں۔ مغربی افریقہ میں رواں برس فروری میں اس وباء کے بارے میں حقائق سامنے آئے تھے۔