1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اٹلی کا ريفارم پيکج متاثر کُن ہے،‘ چانسلر ميرکل

عاصم سليم18 مارچ 2014

جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے اطالوی وزير اعظم ماتيو رينزی سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ وہ رينری کے ملکی اقتصاديات ميں اصلاحات کے پيکج سے کافی زيادہ متاثر ہوئی ہيں۔

https://p.dw.com/p/1BRFH
تصویر: Reuters

اطالوی وزير اعظم ماتيو رينزی نے گزشتہ روز جرمن دارالحکومت برلن ميں چانسلر انگيلا ميرکل سے ملاقات کی اور اُنہيں اپنے اصلاحاتی اقدامات کی تفصيلات سے آگاہ کيا۔ اِس ملاقات کے بعد ميرکل نے رينزی کے ليبر مارکيٹ ميں تبديلياں متعارف کرانے اور قومی سطح پر مانگ بڑھانے کے ارادوں کا خير مقدم کرتے ہوئے کہا کہ رينزی کے منصوبے اٹلی کی معيشت کے بنيادی ڈھانچے ميں اصلاحات پر مبنی ہيں۔

اولانڈ اور رينزی کی ملاقات ہفتے پندرہ فروری کے روز ہوئی
اولانڈ اور رينزی کی ملاقات ہفتے پندرہ فروری کے روز ہوئیتصویر: picture-alliance/dpa

چانسلر ميرکل نے ايک مشترکہ پريس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ رينزی کے اصلاحات پر مبنی پيکيچ سے کافی زيادہ متاثر ہيں۔ اُن کا مزيد کہنا تھا، ’’ميرے پاس کوئی جواز نہيں ہے کہ ميں اِس پر شک کروں۔ ميں يہ تمنا کرتی ہوں کہ اِن اصلاحات پر روز مرہ کی بنيادوں پر عمل در آمد ہو سکے اور يہ اپنے مقاصد حاصل کرتے ہوئے کامياب ہو سکيں۔‘‘ ميرکل کے بقول وہ اِس بارے ميں واضح رائے رکھتی ہيں کہ روم حکومت نے ’اسٹيبيليٹی اينڈ گروتھ پيکٹ‘ پر بھی نظر رکھی ہوئی ہے اور اصلاحاتی عمل کے دوران ملکی خسارہ طے شدہ حدوں کے اندر ہی رہے گا۔

اِسی پريس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماتيو رينزی کا کہنا تھا کہ اٹلی کو يہ سوچنا ترک کر دينا چاہيے کہ اُسے يہ اصلاحات برسلز اور برلن کے مطالبوں پر کرنا ہيں۔ رينزی نے کہا، ’’ہميں يہ اصلاحات اِس ليے متعارف کرانا ہيں کيونکہ يہ ہمارے ليے درست ہيں۔‘‘

اٹلی ميں گزشتہ ماہ سابق وزير اعظم انريکو ليٹا کو اُن کی پارٹی کی جانب سے ہٹائے جانے کے بعد انتاليس سالہ ماتيو رينزی نے وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالا۔ رينزی نے گزشتہ ہفتے اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے چند تجاويز پيش کيں، ان ميں کم اجرت والے ملازمين کے ليے دس بلين يورو تک کی ٹيکس کی چھوٹ، کارپوريٹ ٹيکسوں کی مد ميں دو اعشاريہ چار بلين يورو کی کمی سميت سرمايہ کاری اور بے روزگار افراد کے ليے سہوليات ميں اضافہ شامل ہيں۔

اطالوی وزير اعظم اِن دنوں گزشتہ ہفتے اعلان کردہ ريفارم پيکيج کی حمايت کے سلسلے ميں يورپی ملکوں کا دورہ کر رہے ہيں۔ رواں ہفتے کے آغاز پر جرمن چانسلر سے ملاقات سے قبل گزشتہ ہفتے کے اختتام پر رينزی نے فرانسيسی صدر فرانسوا اولانڈ سے بھی ملاقات کی اور اُنہيں يقين دہانی کرائی کے اِن مجوزہ اصلاحات پر عمل در آمد سے اٹلی يورپی يونين کے مجموعی قومی پيداوار کے تين فيصد خسارے کی حد عبور نہيں کرے گا۔

ماتيو رينزی رواں ہفتے جمعرات اور جمعے کے روز برسلز ميں ہونے والے يورپی يونين کے سربراہی اجلاس ميں شرکت کريں گے۔