1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اولانڈ: یورپی اقتصادی بحث کی لپیٹ میں

Maqbool Malik8 مئی 2012

فرانس کے پیر کے روز منتخب ہونے والے صدر فرانسوا اولانڈ کو صدارتی الیکشن میں کامیابی کے فوری بعد یورپ میں جاری اقتصادی مشکلات کی بحث کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کے اقتصادی پلان کی راہ میں بھی مشکلات کھڑی ہو سکتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/14rST
تصویر: Reuters

یورپی ملک فرانس میں سترہ برسوں بعد صدارتی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے سوشلسٹ پارٹی کے لیڈر فرانسوا اولانڈ کو پہلے دن سے ہی یورپ میں پیدا شدہ قرضے کے بحران کے تناظر میں جاری اقتصادی بحث کا سامنا ہو گیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس کا بھی امکان ہے کہ اولانڈ کو اُس اقتصادی پلان کو نافذ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے، جس کا انہوں نے اپنی انتخابی مہم میں اعلان کیا تھا۔ نو منتخب فرانسیسی صدر کے خیال میں حکومتی اخراجات کو بڑھا کر وہ زیادہ اقتصادی ثمر حاصل کر سکتے ہیں۔ شکست کھانے والے صدر نکولا سارکوزی کے خیال میں اولانڈ اپنے پلان پر عمل پیرا ہو کر فرانسیسی عوام کو غریب کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

Kombibild Francois Hollande Angela Merkel
اولانڈ اگلے ہفتے کے دوران جرمنی کا دورہ کریں گےتصویر: picture-alliance/dpa

الیکشن جیتنے کے بعد فرانسوا اولانڈ نے پیرس میں کھڑے ہزاروں مداحوں کے سامنے وکٹری اسپیچ میں کہا تھا کہ یہ ان کا مشن ہے کہ وہ یورپ کی سالانہ افزائش نمو ، بیروزگاری میں کمی اور خوشحالی کے لیے نئی جہتوں کو فروغ دیں۔ اپنی تقریر میں اولانڈ کا کہنا تھا کہ وہ اس مناسبت سے اپنی یورپی پارٹنروں کو عمومی طور پر اور جرمنی پر خاص طور پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ان کا ملک اس دنیا کا کوئی عام سا ملک نہیں اور نا ہی ان کی قوم بلکہ یہ فرانس ہے۔

یورپی سیاست میں جرمنی، فرانس کا روایتی پارٹنر تصور کیا جاتا ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ وہ اگلے ہفتے اولانڈ کا برلن میں کھلے دل سے خیر مقدم کریں گی۔ میرکل نے نئے فرانسیسی صدر کو سب سے پہلے ٹیلی فون پر کامیابی کے بعد مبارک باد دی تھی۔ میرکل کے مطابق اولانڈ نے ان کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

Frankreich Wahlen 2012 Francois Hollande
اولانڈ کے اقتصادی پلان پر بحث شروع ہو گئی ہےتصویر: dapd

فرانسوا اولانڈ پندرہ مئی کے روز اپنا منصب سنبھالیں گے۔ منصب صدارت پر براجمان ہونے کے فوراً بعد انہیں کئی عالمی کانفرنسوں اور میٹنگوں میں شریک ہونا پڑے گا۔ اولانڈ سب سے پہلے جرمن چانسلر سے ملیں گے۔ اس کے بعد وہ اٹھارہ مئی سے امریکہ میں جی ایٹ کے سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اس اجلاس کے فوری بعد اکیس مئی سے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی سمٹ شروع ہو گی۔ اس کے علاوہ یورپی یونین کی سمٹ بھی جون میں شیڈیول ہے۔ اولانڈ، یورو زون کے بجٹ پیکٹ پر نظرثانی کی گفتگو کے حامی ہے۔ ان کے اس خیال کی جرمن حکومت پہلے ہی مخالفت کر چکی ہے۔

اولانڈ کی کامیابی اور یونان میں بیل آؤٹ پیکج کی حامی سیاسی پارٹیوں کو کم نشستیں حاصل ہونے سے عالمی اقتصادیاتی ماحول میں گھمبیرتا پیدا ہو گئی ہے۔ جاپان کے وزیر خزانہ جُون ازومی (Jun Azumi) کے مطابق فرانس اور یونان میں انتخابی نتائج سے عالمی مالیاتی منڈیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔ آئر لینڈ کے نائب وزیر اعظم نے اولانڈ کے بجٹ پیکٹ پر نظرثانی کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک اس پیکٹ کی منظوری کے لیے شیڈیول ریفرنڈم کو ملتوی نہیں کرے گا۔ یہ ریفرنڈم اس ماہ کی اکتیس تاریخ کو ہو گا۔

ah/ia (AFP)