1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما اور میدویدیف : خصوصی غیر اعلانیہ ملاقات

21 نومبر 2010

نیٹو سربراہ اجلاس کے ساتھ دو اور خصوصی سربراہ اجلاس بھی شیڈیول تھے۔ ان میں ایک یورپی یونین کا امریکہ کے ساتھ اور دوسرا نیٹو روس کونسل کا اجلاس بھی تھا۔ اس کے علاوہ روسی اور امریکی صدور کی ملاقات کو بھی خاص اہمیت دی گئی۔

https://p.dw.com/p/QEdA
امریکی صدر باراک اوباما اپنے روسی ہم منصب میدویدیف کے ساتھتصویر: picture-alliance/ dpa

امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یورپی ملک پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں امریکی صدر باراک اوباما نے روس کے صدر دیمیتری میدویدیف کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات کی۔ یہ ملاقات شیڈیول کے بغیر تھی۔ وائٹ ہاؤس کے بیان کے مطابق اس ملاقات کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان فروغ پاتے اعتماد کو مزید استحکام دینا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان بن رہوڈز کے مطابق لزبن میں مختلف میٹنگوں کے مصروف شیڈیول کے دوران دونوں ملکوں کے لیڈران ایک کمرہ میں پندرہ سے بیس منٹ تک خصوصی ملاقات میں مصروف رہے۔ رہوڈز کے مطابق یہ ملاقات برجستہ اور غیر رسمی تھی۔ ملاقات کے کمرے میں صرف مترجم ہی جا سکے تھے۔ امریکی صدر کی رہائش گاہ کے ترجمان نے اس ملاقات کی تفصیلات واشنگٹن میں امریکی صدر کے طیارے ایئر فورس وَن کی لینڈنگ سے قبل فراہم کی۔

Barack Obama und Dmitry Medwedew beim APEC-Gipfel in Japan NO-FLASH
عالمی منظر نامے پر دونوں رہنماؤں کی ملاقات کو کافی اہمیت دی جا رہی ہےتصویر: AP

رہوڈز نے امریکی اور روسی صدور کی ملاقات کے حوالے سے مزید بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان خواشگوار تعلقات ہیں اور وہ اس کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اس ملاقات کے حوالے سے مزید یہ معلوم ہوا ہے کہ اس کی خواہش امریکی صدر نے کی تھی۔ اس میٹنگ میں اوباما نے روسی صدر کو جورجیا کے صدر میخائل ساکاشولی سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بھی بات کی۔

روسی اور امریکی صدور کے درمیان ہونے والی غیر اعلانیہ ملاقات میں سٹارٹ معاہدے کے حوالے سے بھی بات کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس معاہدے کی امریکی سینیٹ سے منظوری کے حوالے سے بات چیت کی۔ اس مناسبت سے روسی صدر نے لزبن میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ امریکی اراکین سینیٹ ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اس کی توثیق کریں گے اور اگر ایسا نہ ہوا تو یہ باعث شرم ہو گا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں