انگیلا میرکل دنیا کی طاقتور ترین خاتون ، فوربز میگزین
25 اگست 2011رواں سال کی دوسری طاقتور ترین خاتون کا اعزاز امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کو ملا جبکہ تیسری پوزیشن پر برازیل کی صدر Dilma Rousseff ہیں ۔
ستاون سالہ تجربہ کار سیاستدان انگیلا میرکل پانچویں مرتبہ فوربز کی اس فہرست میں طاقتور ترین خاتون قرار دی گئی ہیں۔ وہ نومبر 2005ء میں جرمنی کی چانسلر منتخب کی گئی تھیں۔ اس دوران انہوں نے کئی اہم مواقع پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اس وقت بھی یورپی یونین میں یورو زون کو لاحق اقتصادی مسائل میں میرکل انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اسی مناسبت سے فوربز میگزین نے کہا،’ انگیلا میرکل یورپی یونین میں استحکام پیدا کرنے اور مشترکہ کرنسی یورو استعمال کرنے والے سترہ ممالک کے بلاک کو متحد رکھنے میں گرانقدر خدمات ادا کر رہی ہیں‘۔
اس جریدے کے بقول انگیلا میرکل دنیا کے ایک اہم اقتصادی ملک جرمنی کی چانسلر ہونے کے ساتھ ساتھ بلا شبہ یورپی یونین کی ایک اہم ترین رہنما ہیں۔ انگیلا میرکل 2006ء میں پہلی مرتبہ دنیا کی طاقتور ترین خاتون شخصیت منتخب کی گئیں اور مسلسل چار سال اس پوزیشن پر براجمان رہیں۔ گزشتہ برس یعنی 2010ء میں وہ اس پوزیشن سے محروم ہو گئی تھیں۔ فوربز میگزین نے گزشتہ برس دنیا کی طاقتور ترین خاتون امریکی صدر باراک اوباما کی اہلیہ میشل اوباما کو قرار دیا تھا۔ گزشتہ برس انگیلا میرکل اس فہرست پر چوتھے نمبر پر چلی گئی تھیں۔
سال دو ہزار گیارہ کی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن ہیں جبکہ تیسری پوزیشن پر بزازیل کی صدر Dilma Rousseff ہیں۔ وہ یکم جنوری 2011ء کو برزایل کی پہلی خاتون صدر منتخب ہوئی تھیں۔ ہلیری کلنٹن گزشتہ برس اس فہرست میں پانچویں نمبر پر تھیں۔ فوربز کے مطابق،’ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے امریکی مفادات کے تحفظ کے علاوہ خواتین کے مسائل، ترقیاتی امور اور تعلیمی منصوبہ جات کی اہمیت کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔
رواں برس کی اس فہرست میں 65 خواتین کا تعلق امریکہ سے ہے۔ برطانیہ، بھارت، آسٹریلیا اور چین سے تین تین خواتین اس فہرست میں جگہ پانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ اس فہرست میں طویل العمر خاتون برطانیہ کی ملکہ 85 سالہ ایلزبتھ ہیں جبکہ کم عمر ترین پوپ کوئین لیڈی گاگا ہیں، جن کی عمر صرف 25 برس ہے۔ دونوں بالترتیب 49 ویں اور 11ویں پوزیشن پر ہیں۔
فوربزمیگزین کی دنیا کی 100طاقتور خواتین کی فہرست پہلی مرتبہ 2004 ء میں شائع کی گئی تھی۔ اس لسٹ میں اہم سرکاری عہدوں پر فائز خواتین ٹی وی اینکرز، گلوکارائیں، اداکارائیں اور ماڈلزسمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل ہوتی ہیں۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عابد حسین