انڈونیشا میں آئی ایس کے جہادیوں کی بھرتی: پانچ مشتبہ گرفتار
23 مارچ 2015پولیس کے مطابق شام میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے اس گروپ میں انڈونیشی بچے، چار خواتین اور ایک مرد شامل تھا اور اس گروپ کو شام سے ملحقہ ترک سرحد پر واقع جنوب مشرقی شہر ' گازی آنتِپ‘ میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔ یہ شام میں سرگرم اسلامک اسٹیٹ کا ساتھ دینے کے خواہشمند انڈونیشی مسلمانوں کی طرف سے شامی سرحد میں دخل اندازی کی تازہ ترین کوشش ہے۔ یہ امر اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم آبادی کے اعتبار سے دنیا کے سب سے بڑے ملک انڈونیشیا میں اسلامک اسٹیٹ کا اثرو رسوخ بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ یہ ملک ایک عرصے سے مسلم انتہا پسندی کی زد میں ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ دریں اثناء سینکڑوں انڈونیشی باشندے اسلامک اسٹیٹ کے جہادیوں کے ساتھ صف بندی کر چُکے ہیں۔
گزشتہ ویک اینڈ پر انڈونیشیا کی انسداد دہشت گردی کی پولیس نے جکارتہ کے اندر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں متعدد چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ ایلیٹ پولیس فورس نے اُن پانچ مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جن پر شبہ کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے ترک سرحدی علاقے میں گرفتار ہونے والے 16 انڈونیشی باشندوں کو شام پہنچانے کا انتظام کیا تھا۔
گرفتار ہونے والوں پر الزام ہے کہ انہوں نے عراق اور شام جاکر اسلامک اسٹیٹ میں شامل ہونے والے آئی ایس کے وفاداروں اور حامیوں کی تربیت، رہنمائی اور ان کی بھرتی کی تھی نیز یہ افراد انڈونیشیا میں اسلامک اسٹیٹ کے رضاکاروں کی سرگرمیوں کے لیے چندہ اکٹھا کرنے اور اس کی تقسیم کا کام بھی انجام دے رہے تھے۔
انڈونیشیا کی نیشنل پولیس کے ایک ترجمان ریکوانتو نے اتوار کی شام ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ پانچ مشتبہ افراد میں سے چار کو ترکی کے ذریعے شام جانے کی کوشش کرنے والے انڈونیشی باشندوں کے گروپ کے سفری دستاویزات کا بندوبست کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، مزید یہ کہ یہ مشتبہ افراد ماضی میں بھی شام جا کر آئی ایس میں شامل ہونے والے 21 انڈونیشی باشندوں کی مدد کر چُکے ہیں۔ پانچویں مشتبہ شخص کو اسلامک اسٹیٹ میں شامل ہونے کی ترغیب دلانے اور ویب سائیٹ پر ایسی ویڈیوز نشر کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے جن میں جہادیوں کی طرف سے بچوں کو دی جانے والی تربیت کی تفصیلات دکھائی گئی ہیں۔ پولیس نے تاہم گرفتار ہونے والے افراد کے نام ظاہر نہیں کیے۔
گزشتہ ہفتے ترک وزیرخارجہ نے یہ بھی کہا تھا کہ ترک حکام نے 16 انڈونیشی باشندوں کے ایک گروپ کو گرفتار کر لیا ہے، جو سرحد پار کر کہ شام میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا اور وہاں جا کر جہادی گروپ آئی ایس میں شامل ہونا چاہتا تھا۔ اس کے علاوہ ترک وزیرخارجہ نے یہ بھی بتایا کہ ترک حکام ایک اور 16 رکنی گروپ کی تلاش میں ہیں، جو ترکی میں لاپتہ ہو گیا ہے۔ اُدھر ترک میڈیا سے پتہ چلا تھا کہ 16 اراکین پر مشتمل پکڑے جانے والے انڈونیشی باشندوں کے گروپ میں 11 بچے بھی شامل ہیں۔