1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

امریکا کا روس پر اینٹی سیٹلائٹ ہتھیاروں کے تجربہ کا الزام

24 جولائی 2020

امریکا اور برطانیہ نے روس پر خلاء میں موجود مغربی اثاثوں کو نشانہ بنانے کے لیے اینٹی سیٹلائٹ اسلحوں کا تجربہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے تاہم روسی وزارت دفاع نے اس طرح کے کسی بھی تجربے کی تردید کی ہے۔

https://p.dw.com/p/3fqim
USA Senate Armed Services Committee hearing | Gen. John Raymond
تصویر: picture-alliance/Consolidated News Photos/G. Nash

امریکا اور برطانیہ کا کہنا ہے کہ روس نے خلاء میں سیٹلائٹ جیسے اثاثوں کو نشانہ بنانے کے لیے گزشتہ ہفتے خلاء میں ایک ہتھیار لانچ کیا ہے۔ خلاء سے متعلق امریکی فورسز کی کمانڈ نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ حال ہی میں روس نے اینٹی سیٹلائٹ کا تجربہ کیا ہے اور ''روس نے اس سلسلے میں اپنی کوسموس2534 سیٹلائٹ سے جو'ہتھیار‘ داغا اس کا ہدف امریکی سیٹلائٹ کے بالکل پاس میں تھا، تاہم بعد میں یہ'ہتھیار‘ روسی سیٹلائٹ کی جانب چلا گیا۔''

خلا سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ روسی سیٹلائٹ کوسموس 2534 سے نکلنے والی شئے جب باہر نکلی تو اس کی رفتار تقریبا ًساڑھے چھ سوکلو میٹر فی گھنٹے کی تھی۔

امریکا میں فضائی فورسز کے سربراہ جنرل جان ڈبلیو ریمنڈ کا کہنا تھا، ''مدار میں ہتھیاروں کی جانچ پڑتال کے استعمال میں آنے والے جس ہتھیار کا روس نے تجربہ کیا ہے یہ وہی سیٹلائٹ سسٹم ہے، جس کے بارے میں ہم نے اس برس کے اوائل میں بھی خدشات کا اظہار کیا تھا۔ اس وقت بھی روس نے امریکی حکومت کے ایک مصنوعی سیارے کے قریب آنے کی کوشش کی تھی۔''

امریکی جنرل کا کہنا تھا کہ اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ روس کی جانب سے ایسے فضائی سسٹم کو فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔''یہ روس کی اس فوجی نظریے کے عین مطابق ہے جس میں ایسے ہتھیاروں کو نصب کرنے کی بات کہی گئی ہے کہ جس سے امریکا اور اور اس کے اتحادیوں کے فضائی اثاثوں کو مستقل خطرہ لاحق رہے۔''

برطانیہ نے اس سلسلے میں اپنا تجزیہ گزشتہ روز جاری کیا اور اس نے بھی روس کے اس آپریشن سے متعلق انہیں شکایات کا اعادہ کیا ہے۔ برطانوی ایئر وائس مارشل ہاروی اسمتھ کا کہنا تھا، ''روس نے جس انداز میں ہتھیاروں سے لیس پروجیکٹائل کو لانچ کر کے اپنی سیٹلائٹ کا تجربہ کیا اس پر ہمیں تشویش لاحق ہے۔ ہم روس سے مستقبل میں اس طرح کا تجربہ کرنے سے باز رہنے کو کہتے ہیں۔''

امریکا اور برطانیہ روس پر ''امریکا اور اس کے اتحادیوں کی فوجی طاقت کو بے اثر کرنے اور فضا میں ان کی آزادانہ نقل و حرکت کو چیلنج کرنے کے لیے'' خلا کو بھی مسلح کرنے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔

لیکن روس ان الزامات سے انکار کرتا ہے۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ 15 جولائی کا آپریشن کوئی ایٹنی سیٹلائٹ ہتھیار کا تجربہ نہیں تھا۔ اس کا کہنا ہے ''اس کی جگہ ایک چھوٹی خلائی گاڑی نے اپنے خصوصی آلات کی مدد سے روسی سیٹلائٹ کا قریب سے معائنہ کیا تھا۔''

روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس خلائی گاڑی کو سطح زمین سے کنٹرول کیا جا رہا تھا اور جس چیز کے معائنے کے لیے اسے آپریٹ کیا گیا اس سے متعلق اہم معلومات بھی فراہم ہوئیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے باقاعدہ طور پر خلائی فورسز کو تیار کرنے کی منظوری دی تھی اور دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے عالمی سطح پر ہتھیاروں کی دوڑ شروع ہونے کا خدشہ ہے۔

ص ز/ ج ا (اے پی ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید