1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہشمالی امریکہ

دائیں بازوسے تعلق رکھنے پر فوجیوں کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا

20 جنوری 2021

امریکی حکام نے جو بائیڈن کی افتتاحی تقریب کی حفاظت پر مامور کیے گئے نیشنل گارڈ کے تمام ارکان کی اچھی طرح سے چھان بین کرنے کے بعد بارہ فوجیوں کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا۔

https://p.dw.com/p/3o9Sn
USA | Vor Amtseinführung des designierten US-Präsidenten Biden
تصویر: Andrew Caballero-Reynolds/AFP

امریکی حکام نے منگل کے روز کہا کہ فوج نے نو منتخب صدر جو بائیڈن کی حلف برداری تقریب کے تحفظ کیے لیے تعینات کیے گئے پچیس ہزار نیشنل گارڈ میں سے ان بارہ ارکان کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا ہے جن کے بارے میں دعوی کیا جا رہا ہے کہ ان کے دائیں بازو کی انتہا پسند ملیشیا سے تعلق تھے یا پھر انہوں نے سوشل میڈیا پر ایسے ہی انتہا پسندانہ نظریات کا اظہار کیا تھا۔ 

چھ جنوری کو ٹرمپ کے حامیوں نے کیپیٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا اور پر تشدد واقعات میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔اس تناظر میں حکام کو  واشنگٹن میں جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر ممکنہ طور پرتشدد کے واقعات کا خدشہ ہے اور اسی لیے بدھ 20 جنوری کی اس تقریب کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

واشنگٹن شہر میں اس وقت ایک طرح سے لاک ڈاؤن جیسی صورت حال ہے۔ تحفظ کے مقصد سے مختلف مقامات پر بیریکیڈس لگائے گئے ہیں جبکہ حساس علاقوں میں خار دار تاریں بھی بچھائی گئی ہیں اور شہر کی حفاظت کے لیے پچیس ہزار فوجی جوان تعینات کیے گئے ہیں جو ہمہ وقت گشت کر رہے ہیں۔

بیشتر فوجی عملہ وائٹ ہاؤس اور کیپیٹل ہل کے آس پاس کے ریڈ زون والے علاقے میں تعینات کیا گیا ہے جہاں نو منتخب صدر جو بائیڈن اور کمالہ ہیرس کی حلف برداری کی تقریب ہونی ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کے حکام کو اندرونی حملوں یا پھر فساد بھڑک اٹھنے کی صورت میں فوج کی جانب سے فکر لاحق ہے۔ اسی تشویش کے مد نظر ایف بی آئی نے سکیورٹی ڈیوٹی پرتعینات کیے گئے تمام نیشنل گارڈز کا بیک گراؤنڈ چیک کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

USA Biden Einweihungsprobe
تصویر: J. Scott Applewhite/AP Photo/picture alliance

واشنگٹن میں نیشنل گارڈ کے سربراہ جنرل ولیم واکر نے امریکی نیوز چینل فاکس نیوز سے بات چیت میں کہا، ''ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ سکیورٹی کے حصار کے لیے درست لوگ موجود ہوں۔''   

زبردست احتیاط

پینٹاگون کے ترجمان جوناتھن ہو ف مین کا کہنا تھا کہ ''زبردست احتیاط برتنے'' کی حکمت عملی کے تحت مشتبہ گارڈز کو گھر بھیج دیا گیا ہے، تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام بارہ ارکان کا تعلق انتہا پسند گروپ سے بھی نہیں تھا۔

فوج کے سربراہ ڈینیئل ہوکینسین نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ پریشان کن ٹیکسٹ پیغامات دریافت ہونے کے بعد ایک فوجی کو ہٹا دیا گیا تھا جبکہ ایک دوسرے محافظ کو متعلقہ ایجنسی کو رپورٹ کرنے کو کہا گیا۔ اس کے علاوہ دس دیگر ارکان کو سابقہ مجرمانہ سرگرمیوں کی وجہ سے ہٹایا گیا لیکن ان کا افتتاحی تقریب سے براہ راست کوئی تعلق نہیں تھا۔

حاضر سروس فوجی دہشت گردی کے الزام میں گرفتار

اس دوران منگل 19 جنوری کو جارجیا میں ایک حاضر سروس فوجی کو دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ حکام کا خیال ہے کہ مذکورہ فوجی  امریکی فوجیوں پر گھات لگا کر حملے کے لیے شدت پسند تنظیم داعش کی مدد کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

اس حوالے سے امریکی محکمہ انصاف نے ایک بیان میں کہا کہ پرائیویٹ کول جیمز بریجز پر، ''ایک نامزد غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کو مادی مدد فراہم کرنے کی کوشش کرنے اور امریکی فوجیوں کو قتل کرنے کی سعی کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔'' اس فوجی کو جمعرات کے روز وفاقی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ص ز/ ج ا  (اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں