امريکا نے شام ميں فاسفورس بم گرائے، روس کا الزام
10 ستمبر 2018روس نے امريکا پر شام ميں فاسفورس بم گرانے کا الزام عائد کيا ہے۔ روسی فوج کے مطابق امريکا کے دو ايف پندرہ لڑاکا طياروں نے صوبہ دير الزور ميں ہفتہ آٹھ ستمبر کے روز ايسے بم گرائے۔ اطلاعات ہيں کہ ان مبينہ حملوں ميں ہاجين نامی ايک ديہات کو نشانہ بنايا گيا جو وہاں اسلامک اسٹيٹ کا آخری مضبوط گڑھ ہے۔ فاسفورس بموں کے مبينہ استعمال سے وہاں آگ لگنے کی اطلاعات تو موصول ہوئی ہيں تاہم فی الحال زخمی يا ہلاک ہونے والوں کی تعداد کا تعين نہيں ہو سکا۔
دوسری جانب امريکی محکمہ دفاع پينٹاگون کے ايک ترجمان نے اپنی افواج کی جانب شام ميں فاسفورس بموں کے استعمال کے روسی الزامات کو مسترد کر ديا ہے۔ کمانڈر شان روبرٹسن کے بقول، فی الحال ان کے پاس ايسی کوئی اطلاع نہيں کہ امريکی افواج نے ايسے بم استعمال کيے ہوں۔ انہوں نے يہ بھی کہا کہ خطے ميں تعينات فوجی يونٹس کے پاس فاسفورس بم ہيں ہی نہيں۔
يہ امر اہم ہے کہ انسانی حقوق کے ليے سرگرم تنظيميں يہ کہتی آئی ہيں کہ شام کے مسلح تنازعے ميں داعش کے خلاف امريکا کی قيادت ميں قائم عسکری اتحاد کی جانب سے فاسفورس بم استعمال کيے جاتے رہے ہيں۔ فاسفورس بم گہرا سفيد دھواں پيدا کر ديتے ہيں، جس سے ہر چيز آگ پکڑ ليتی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظيميں ايسے بموں کے شہری علاقوں ميں استعمال کو تنقيد کا نشانہ بناتی ہيں کيونکہ اس سے عام شہريوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
روس کے امريکا کے مابين ان دنوں کشيدگی دوبارہ بڑھ گئی ہے۔ امريکا ادلب پر چڑھائی کے دوران کيميائی ہتھياروں کے ممکنہ استعمال پر شام کو دھمکياں ديتا رہا ہے جبکہ روس باغيوں کی آخری پناہ گاہوں کے خاتمے کے ليے دمشق حکومت کے ساتھ ہے۔
ايران، روس اور ترکی کے صدور کی ايک حاليہ سمٹ جنگ بندی کی کسی ڈيل کو حتمی شکل دينے ميں ناکام رہی، جس کے بعد روس نے ادلب ميں اتوار کے روز بھاری بمباری کی۔
ع س / ع ا، نيوز ايجنسياں