1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

القاعدہ نے معمر آسٹریلوی خاتون کو رہا کر دیا

شامل شمس7 فروری 2016

نائجر کے صدر محمدو یوسفو نے بتایا ہے کہ القاعدہ نے برکینا فاسو میں اغوا کیے جانے والے آسٹریلوی جوڑے میں سے خاتون مغوی کو رہا کر دیا ہے۔ اس جوڑے کو پندرہ جنوری کو اغوا کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1Hr92
تصویر: Reuters/J. Penney

اتوار کے روز نائجر کے جنوب مشرقی شہر ڈوسو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران صدر یوسفو نے جوسیلین ایلیٹ نامی خاتون کو پیش کیا۔ ان کا اس موقع پر یہ بھی کہنا تھا کہ حکام ان کے خاوند کو رہا کروانے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

القاعدہ سے منسلک جماعت اسلامک مغرب نے جمعے کے روز کہا تھا کہ وہ معمر خاتون کو غیر مشروط طور پر رہا کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس کو کہنا تھا کہ اس بات کا فیصلہ عوامی دباؤ اور القاعدہ کی اس تلقین پر کیا گیا کہ خواتین کو ’جنگ‘ میں ضرر نہ پہنچائی جائے۔

ایلیٹ کی رہائی کے عوامل اور نائجر میں آمد کے اسباب اور محرکات ابھی غیر واضح ہیں۔

ڈاکٹر کین ایلیٹ اور ان کی بیگم کی عمریں اسّی برس سے زائد ہیں اور وہ برکینا فاسو کے مالی کے قریب جیبو شہر میں چالیس برس سے ایک سو بیس بستروں پر مشتمل ایک ہسپتال چلا رہے تھے۔

خاتون کی رہائی پر آسٹریلیا میں مقیم ان کے بچوں نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا، ’’ہمیں امید ہے کہ جن اصولوں کی بنیاد پر ہماری والدہ کو رہا کیا گیا ہے، وہی اصول ہمارے والد پر بھی لاگو کرتے ہوئے انہیں رہا کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنی زندگی کا نصف سے زیادہ حصہ جیبو میں مقیم افراد کی خدمت کے لیے وقف کیا ہے۔‘‘

آسٹریلیا کے وزیر ا عظم میلکم ٹرن بل نے جوسیلین ایلیٹ کی رہائی پر نائجر اور برکینا فاسو کی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

جس روز اس جوڑے کو اغوا کیا گیا تھا اسی دن برکینا فاسو کے دارالحکومت میں القاعدہ کے جنگ جوؤں نے ایک ہوٹل اور رستوران پر حملہ کر کے تیس افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ ان میں زیادہ پر غیر ملکی افراد تھے۔