1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان کے ساتھ سکیورٹی معاہدہ جلد چاہتے ہیں، امریکا

شامل شمس26 ستمبر 2013

امریکا نے کہا ہے کہ وہ آئندہ برس اپریل میں ہونے والے افغان صدارتی انتخابات سے قبل کابل کے ساتھ سکیورٹی کے معاہدے کو آخری شکل دینے کا خواہش مند ہے۔

https://p.dw.com/p/19odD
dpa
تصویر: picture-alliance/dpa

امریکی صدر باراک اوباما کے افغانستان اور پاکستان کے لیے خصوصی مندوب جیمز ڈوبنز نے نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکومت افغانستان کے ساتھ تعطل کا شکار سلامتی کے معاہدے پر دستخط آئندہ برس افغان صدارتی انتخابات سے قبل چاہتی ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان سے نیٹو افواج کا انخلاء اگلے برس تک مکمل ہو جائے گا۔ ماضی میں افغان حکومت اور امریکا افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد ملکی سکیورٹی کو ایک خاص حد تک یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی معاہدے کی ضرورت پر زور دیتے رہے ہیں۔ تاہم حالیہ کچھ عرصے سے افغان حکومت اور امریکا کے درمیان نسبتاً سرد مہری دیکھی جا رہی ہے اور اس معاہدے پر دستخط التوا کا شکار ہوتا رہا ہے۔ افغانستان اور امریکا کے درمیان طالبان کے ساتھ مذاکرات کے بعض پہلوؤں پر اختلافات پائے جاتے ہیں۔ چند ماہ قبل جب امریکی حکومت نے طالبان عسکریت پسندوں کو قطر میں دفتر کھولنے کی اجازت دی تھی تو افغان حکومت نے اس پر امریکا سے شدید احتجاج کیا تھا۔ افغان صدر حامد کرزئی کی حکومت طالبان کے ساتھ مذاکرات کی قیادت کرنا چاہتی ہے۔

SHAH MARAI/AFP/Getty Images)
صدر کرزئی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ انہیں امریکا کے ساتھ اس معاہدے کی تکمیل کے لیے کوئی جلدی نہیں ہےتصویر: Shah Marai/AFP/Getty Images

امریکا اور افغانستان کے درمیان ممکنہ معاہدے کے طے پا جانے کے بعد امریکا قانونی طور پر افغانستان میں اپنی افواج کے چند دستے رکھ سکتا ہے۔

جیمز ڈوبنز کا اسے بارے میں کہنا تھا: ’’ہم سمجھتے ہیں کہ اس معاہدے کا اکتوبر میں طے پا جانا ضروری ہے کیونکہ اس کے بعد افغانستان میں سیاسی مہم تیز ہو جائے گی۔‘‘ ڈوبنز کا مزید کہنا تھا کہ امریکا نہیں چاہتا کہ افغان صدارتی مہم میں یہ معاملہ تنازعے کی شکل اختیار کر جائے۔ ’’ہم چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ انتخابی مہم کا پس منظر نہ بنے اور جو موضوعات اس مہم میں کلیدی حیثیت اختیار کریں وہ افغانستان کے مستقبل اور افغانستان کے بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعلقات سے منسلک ہوں۔‘‘

اپریل میں ہونے والے انتخابات کے لیے افغان انتخابی کمیشن نے صدارتی امیدواروں کی رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔ اب تک صرف ایک امیدوار نے انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے تاہم چھ اکتوبر کی آخری تاریخ تک کافی تعداد میں صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی داخل کرائے جانے کی توقع ہے۔

صدر کرزئی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ انہیں امریکا کے ساتھ اس معاہدے کی تکمیل کے لیے کوئی جلدی نہیں ہے۔ خیال رہے کہ صدر کرزئی آئینی قدغن کے باعث افغان صدارتی انتخابات میں تیسری بار حصہ نہیں لے سکیں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید