1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اطالوی جیولری کمپنی بلگاری فرانسیسی ملکیت میں

7 مارچ 2011

بہت مہنگی فیشن مصنوعات تیار کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے تجارتی گروپ LVMH نے لگژری زیورات تیار کرنے والے مشہور اطالوی ادارے بلگاری کے اکثریتی حصص خرید لیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/10UeR
امریکی اداکارہ اوما تھورمان لوئی ویتوں کے ایک ہینڈ بیگ کے اشتہار میںتصویر: Louis Vuitton

اس بات کا اعلان آج پیر کو پیرس اور روم میں ان دونوں اداروں کی طرف سے بیک وقت کیا گیا۔ بین الاقوامی سطح پر فیشن کی دنیا کے تقریباﹰ سبھی شعبوں پر چھائے ہوئے اور اپنی برانڈ پروڈکٹس کے لیے مشہور فرانسیسی گروپ ’موئے ہینیسی لوئی ویتوں‘ یا LVMH نے بلگاری کے اکثریتی شیئرز کو اس ادارے کے ساتھ اپنے حصص کے باہمی تبادلے کی صورت میں خریدا ہے۔

Dior Show in Paris - Sidney Toledano
Christian Dior کے سربراہ سڈنی تولیدانو پیرس میں اپنی کمپنی کے نئے ملبوسات کی ایک حالیہ نمائش کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےتصویر: dapd

پیرس سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ ویک اینڈ پر طے پانے والے اس معاہدے کی صورت میں ایل وی ایم ایچ نے بلگاری کے نصف سے زیادہ شیئرز کی خریداری کے لیے 3.7 بلین یورو یا 5.2 بلین امریکی ڈالر ادا کیے۔

فیشن مصنوعات کی بین الاقومی مارکیٹ میں بہت ہی کم نظرآنے والے اربوں مالیت کے اس سودے کے بارے میں بلگاری کے سربراہ فرانچیسکو تراپانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ادارہ لوئی ویتوں گروپ کا حصہ بننے کے بعد عالمی سطح پر اپنے کاروباری ترقی کے اہداف کو زیادہ آسانی سے حاصل کر سکے گا۔

اس اعلان کے بعد پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر یورپی سٹاک مارکیٹوں میں بلگاری کے شیئرز کی قیمتوں میں 61 فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس کمپنی کے ایک شیئر کی قیمت 12.24 یورو تک پہنچ گئی۔

Bulgari Schmuck
بلگاری کی تیارکردہ ہیرے اور زمرد سے جڑی دو انتہائی قیمتی انگوٹھیاںتصویر: AP

فرانس کا فیشن اور لگژری مصنوعات کے لیے مشہور گروپ LVMH بہت پر تعیش ڈیزائنر پروڈکٹس بنانے والی کئی کمپنیوں کا مالک ہے۔

اس گروپ کے مشہور ترین ذیلی اداروں میں Moet & Chandon نامی بہت مہنگی شیمپین تیار کرنے والی کمپنی بھی شامل ہے اور Louis Vuitton کے علاوہ Kenzo اور Christian Dior جیسی کمپنیاں بھی۔

ان اور ان جیسی دیگر کمپنیوں کی تیار کردہ مصنوعات کو دنیا بھر کے باحیثیت صارفین ہاتھوں ہاتھ خریدتے ہیں اور اب اس فہرست میں ڈیزائنر جیولری تیار کرنے والی اطالوی کمپنی Bulgari بھی شامل ہو گئی ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عصمت جبیں