1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اطالوی بحری جہاز کا کپتان نظر بند

18 جنوری 2012

مسافر بردار سیاحتی بحری جہاز کوسٹا کنکورڈیا کے کپتان کو عدالتی حکم کے بعد نظر بند کر دیا گیا ہے۔ کپتان اپنے خلاف تمام الزامات کو ردّ کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13l9C
کپتان فرانچیسکو شیٹینوتصویر: dapd

ایک آڈیو ٹیپ کے مطابق اٹلی کے کوسٹ گارڈز نے حادثے کا شکار ہونے والے بحری جہاز کو سٹا کنکورڈیا کے کپتان فرانچیسکو شیٹینو (Francesco Schettino) کو بار بار کہا کہ وہ حادثے کے مقام پر پہنچ کر مسافروں کے انخلا کے عمل کی نگرانی کریں مگر کپتان ایسا کرنے سے مسلسل انکاری رہا۔ اس آڈیو ٹیپ سے اطالوی عوام اور میڈیا میں خاصی تشویش پائی جاتی ہے۔

اطالوی ساحلی محافظوں اور جہاز کے کپتان کے درمیان گفتگو کو کل منگل کے روز عام کیا گیا تھا۔کوسٹا کنکورڈیا نامی کروز شِپ گزشتہ جمعے کی شام زیر سمندر چٹان سے ٹکرا گیا تھا۔  ابھی تک پچیس افراد لاپتہ ہیں۔ بعض دوسری اطلاعات کے مطابق لاپتہ افراد کی تعداد اس سے زیادہ ہے۔ ان لاپتہ افراد میں چودہ جرمن، چھ اطالوی، چار فرانسیسی اور دو امریکیوں کے علاوہ ہنگری، بھارت اور پیرو کا ایک ایک سیاح شامل ہیں۔ جرمن وزارت خارجہ نے بارہ جرمن افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

Schiffsunglück Italien Costa Concordia
کروز شپ کی ملکیتی کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل Gianni Onorato حادثے کے بعد پریشان حالت میںتصویر: dapd

کوسٹا کنکورڈیا بحری جہاز کے کپتان فرانچیسکو شیٹینو کو استغاثہ گراسیتو شہر کی جیل میں پابند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ البتہ نیپلز کی عدالت کے جج  نے کپتان کے وکیل برونو لیپورٹینی کی رائے سے جزوی طور پر اتفاق کرتے ہوئے فرانچیسکو شیٹینو کو جیل بھیجنے کا حکم جاری نہیں کیا البتہ اسے گھر پر مقید رکھنے کا حکم دیا ہے۔ کروز شپ کے کپتان سے استغاثہ اور پولیس نے تین گھنٹے تک پوچھ گچھ بھی کی تھی۔ وہ کچھ گھنٹوں پولیس اسٹیشن کے لاک اپ میں بھی رہے تھے۔ گراسیتو نامی شہر اٹلی کے صوبے ٹسکنی میں واقع ہے۔

Schiffsunglück Costa Concordia
حادثے کا شکار کوسٹا کنکورڈیاتصویر: REUTERS

پولیس کا کہنا ہے کہ بحری جہاز کے کپتان نے مسافروں کے انخلا سے قبل باہر نکل کر اپنی جان بچائی تھی جو بحری جہاز کے مسلمہ اصولوں کے منافی ہے۔ اس مناسبت سے کپتان شیٹینو کا کہنا ہے وہ تمام مسافروں کا انخلاء مکمل ہونے کے بعد باہر نکلا تھا۔ اٹلی کے کوسٹ گارڈز کے کیپٹن Gregorio De Falco کا اصرار ہے کہ بحری جہاز کا کپتان حادثے کے فوری بعد فرار ہو گیا تھا۔ بعض رپورٹوں کے مطابق کوسٹا کنکورڈیا کے کپتان نے اپنے چیف باورچی کی خواہش پر جہاز کے رخ میں معمولی سی تبدیلی پیدا کی تھی۔ جہاز کا چیف باورچی جزیرے گگلیو کا رہائشی تھا۔

گگلیو جزیرے کے قریب زیر سمندر چٹان سے ٹکرانے والے جہاز میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد اب گیارہ ہو گئی ہے۔ بقیہ لاپتہ افراد کے بچ جانے کی امیدیں بھی تقریباً ختم ہوتی جا رہی ہیں۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں