اسپین : فضائی حادثے میں تین جرمن ہلاک
1 مئی 2017اسپین کے ایل موندو نامی اخبار نے لکھا ہے کہ مرنے والے جرمن شہری تھے تاہم برلن حکام کی جانب سے آج پیر کی صبح تک اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جائے حادثہ سے ملنے والے شاختی دستاویزات سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ مرنے والے تینوں جرمن شہری تھے۔ یہ واقعہ ہفتے کی دوپہر پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق غالباً یہ چھوٹا طیارہ فرانس سے ہسپانوی شہر غرناطہ کی طرف پرواز کر رہا تھا اور درمیان میں اس نے اسپین کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے کے ایک بندرگاہی شہر ایلیکانتے میں ایندھن بھرنے کے لیے لینڈگ بھی کی تھی۔
حکام نے مزید بتایا کہ کئی گھنٹوں کی امدادی کارروائیوں کے بعد ان تینوں کی لاشیں نکالی گئیں۔ ان لاشوں کو ایک قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ پہاڑی علاقے پر سے پرواز کے دوران اس جہاز کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہو گیا تھا۔ ابھی تک اس حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم حکام نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔