1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل میں انتہائی قدامت پسند حکومت کا قیام

25 مئی 2016

انتہائی دائیں بازو کی قدامت پسند پارٹی اسرائیل بیت نو نے نیتن یاہو کی مخلوط حکومت میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان کے بعد آج بدھ کے روز وزیر اعظم نیتن یاہو اور لیبرمین نے حکومت سازی کی ڈیل پر دستخط کر دیے۔

https://p.dw.com/p/1Iu9D
نیتن یاہو اور لیبر مینتصویر: Reuters/A. Cohen

ذرائع کے مطابق اب ایوگڈور لیبرمین وزیر دفاع ہوں گے جبکہ اسی پارٹی کے ایک اور رکن کو تارکین وطن کی وزارت کا قلمدان سونپا جائے گا۔ سخت گیر موقف رکھنے والے لیبرمین نے کہا ہے کہ وہ ایک متوازن پالیسی اختیار کریں گے۔ لیبرمین اس سے قبل 2009ء سے 2012ء تک وزیر خارجہ بھی رہ چکے ہیں۔ تاہم بدعنوانی کے الزام میں انہیں اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔ الزامات جھوٹے ثابت ہونے پر گیارہ ماہ بعد وہ دوبارہ عملی سیاسی میدان میں سرگرم ہو گئے تھے۔

وزارتِ دفاع کا منصب جب ایوگڈور لیبرمین سنبھال لیں گے تو اسرائیلی پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت کو 61 اراکین کی جگہ 66 کی حمایت حاصل ہو جائے گی۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد سے ہی نیتن یاہو اس کوشش میں تھے کہ لیبرمین کو اپنی حکومت کا حصہ بنا سکیں اور انجام کار وہ اس معاملے کو حل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ نیتن یاہو کی سابقہ حکومت میں لیبرمین وزیر خارجہ تھے۔

Israel Avigdor Lieberman Ex-Außen- und neuer Verteidigungsminister
انتہائی دائیں بازو کی قدامت پسند پارٹی اسرائیل بیت نو کے لیڈر ایویگڈور لیبرمینتصویر: Reuters/A. Cohen

حکومت میں شامل ہونے کی ڈیل پر دستخط کرنے کی تقریب میں دونوں لیڈروں نے عبرانی زبان میں گفتگو کو موقوف کرتے ہوئے انٹرنیشنل کمیونٹی سے مخاطب ہونے کے لیے انگریزی میں اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ اُن کی حکومت فلسطینیوں کے ساتھ ساتھ دیگر ہمسایہ ریاستوں کے ساتھ بھی امن کے حصول کے ارادے پر کاربند رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی عوام کی سلامتی کو یقینی بناتے ہوئے وہ امن کے ہر راستے پر گامزن ہونے کے لیے تیار ہیں اور اُن کی یہ پالیسی کسی صورت میں تبدیل نہیں ہو گی۔

نیتن یاہو کے بعد ایوگڈور لیبرمین نے کہا کہ کہ وہ ایک ذمہ دارانہ اور معقول پالیسی پر عمل پیرا ہونے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت میں شامل تمام افراد امن کے حصول کے لیے مضبوط تہیہ کیے ہوئے ہیں اور یہ عزم دو ریاستی حل کے حتمی مرحلے تک جاری رہے گا۔ یہ امر اہم ہے کہ ماضی میں لیبرمین عسکریت پسند فلسطینی تنظیم حماس کے تمام لیڈروں کو ہلاک کرنے کا ذکر بھی کرتے رہے ہیں۔

دوسری جانب سابق وزیر خارجہ کو وزیر دفاع بنانے پر فلسطینی اتھارٹی نے کہا ہے کہ دو ریاستی امن منصوبے پر پیش رفت کا سلسلہ سن 2014 سے معطل ہے اور اب لیبرمین کے وزیر دفاع بننے کے بعد اس کی بحالی مزید غیر یقینی ہو گئی ہے۔

فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نبیل ابو رضائنہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اب یہ تسلیم کر لینا چاہیے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے فلسطینی تنازعے کا حل ناگزیر ہو گیا ہے۔ لیبرمین کے بیان کے حوالے سے ابورضائنہ نے کہا تھا کہ وقت بتائے گا کہ وہ اپنے قول پر کتنا عمل کرتے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں