1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ارجنٹائن نے عالمی چیمپئن جرمنی کو ہرا دیا

عاطف بلوچ3 ستمبر 2014

جرمن شہر ڈوسلڈوف میں کھیلے گئے ایک دوستانہ بین الاقوامی میچ میں ارجنٹائن کی قومی فٹ بال ٹیم نے عالمی چیمپئن جرمنی کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/1D687
ارجنٹائن کی طرف سے اینجل ڈی ماریا نے انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیاتصویر: Reuters/K. Pfaffenbach

حالیہ عالمی کپ کے بعد بدھ کے دن جرمن قومی ٹیم پہلی مرتبہ اس شمالی امریکی ٹیم کے مد مقابل آئی۔ اس میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ ڈیل کرنے والے اینجل ڈی ماریا نے انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور جرمن کھلاڑیوں کو پریشان کر دیا۔ ڈی ماریا نے ایک گول کیا جبکہ باقی تین گول کرانے میں بھی ان کا اہم کردار رہا۔ ارجنٹائن کی طرف سے سرگئی آگیورا، ایرک لامیلا اور فریڈریکو فرنانڈز نے بھی ایک ایک گول کیا۔

جرمنی کی طرف سے ماریو گوٹزے اور آندرے شورلے ایک ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئے لیکن وہ بھی ارجنٹائن کی حیرت انگیز کارکردگی کا کھل کر مقابلہ نہ کر سکے۔ تیرہ جولائی کو برازیل میں عالمی کپ فٹ بال کے فائنل میں ارجنٹائن کو صفر ایک سے شکست دینے کے بعد جرمن ٹیم پہلی مرتبہ بین الاقوامی میچ کھیلنے کی لیے میدان میں اتری تھی۔

Länderspiel Deutschland gegen Argentinien
اس شکست کے بعد جرمن کوچ یوآخم لوو یورو کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے زیادہ محنت کریں گےتصویر: Reuters/I. Fassbender

ڈوسلڈوف میں پچاس ہزار سے زائد تماشائی اپنے قومی ہیروز کی پذیرائی کے لیے وہاں موجود تھے تاہم کھیل کے ساتھ ساتھ میچ جیتنے سے متعلق ان کی امیدیں بھی دم توڑتی گئیں۔ مایہ ناز اسٹار میسی نے اس میچ میں ارجںٹائن کی نمائندگی نہ کی۔

اس میچ سے قبل ان تماشائیوں نے بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ اختیار کرنے والے جرمن ٹیم کے سابق کپتان فلپ لاہم، میروسلاف کلوزے اور پیئر میٹا سیکر کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ ان تینوں کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے نئے کپتان باستیان شوائن اسٹائیگر زخمی ہونے کی وجہ سے بدھ کے دن ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گئے اس میچ میں شرکت نہ کر سکے۔ ان کی عدم موجودگی میں گول کیپر مینول نائیر نے کپتانی کے فرائض سر انجام دیے لیکن وہ بھی 45 ویں منٹ میں باہر چلے گئے۔

یہ امر اہم ہے کہ کھیل کے پچاس منٹ تک ارجنٹائن کو چار صفر سے برتری حاصل تھی تاہم بعد ازاں شورلے نے 52 ویں منٹ جبکہ گوٹزے نے 78 ویں منٹ میں گول کر کے یہ برتری نصف کر دی۔ ناقدین کے مطابق ارجنٹائن کی طرف سے ڈی ماریا کا کھیل ہی ایک واضح فرق تھا، جس کی وجہ سے یہ میچ ارجںٹائن نے جیتا۔

یاد رہے کہ عالمی کپ 2014ء کے فائنل میچ میں ڈی ماریا زخمی ہونے کی وجہ سے فائنل نہیں کھیل سکے تھے۔ اس میچ میں جرمنی نے شمالی امریکا کی اس ٹیم کو اضافی وقت میں صفر ایک سے مات دے کر یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔